شمالی کوریا کے ہیکرز نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر سے زائد چوری کر لیے: ایف بی آئی
شمالی کوریا کے ہیکرز نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے 40 کروڑ ڈالر سے زائد چوری کر لیے: ایف بی آئی
جمعہ 13 نومبر 2026 17:31
ایف بی آئی نے رواں ماہ شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز پر کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم بائننس سے چھ ارب ڈالر چوری کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے ہیکرز نے شناخت کی چوری اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ جعلی ویڈیو کالز کے ذریعے ایک انتہائی مؤثر فراڈ سکیم کے تحت 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی رقم چوری کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایف بی آئی نے رواں ماہ شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز پر کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم بائننس سے چھ ارب ڈالر چوری کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا، تاہم پیانگ یانگ اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
ایف بی آئی کے سائبر برانچ آپریشنز کے ڈائریکٹر بریٹ لیتھر مین نے کہا کہ شمالی کوریا کی حکومت اپنے غیر قانونی ہتھیاروں کے پروگرام کی مالی معاونت کے لیے بڑے پیمانے پر کرپٹو کرنسی کی چوری سے حاصل ہونے والی رقم پر انحصار کرتی ہے اور گزشتہ چند برسوں کے دوران اربوں ڈالر چوری کیے جا چکے ہیں۔
ایف بی آئی کے مطابق بائننس پر سائبر حملے کے علاوہ شمالی کوریا کے ہیکرز کرپٹو کرنسی اور ویب تھری کے شعبوں سے وابستہ افراد کو دھوکہ دہی پر مبنی سماجی رابطوں کی تکنیک کے ذریعے مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
امریکی تحقیقاتی ادارے نے اس فراڈ سکیم کو ’فیس سٹیلر‘ کا نام دیا ہے جس کے ذریعے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی رقم چوری کی گئی۔
اس طریقہ واردات میں ہیکرز خود کو متاثرہ شخص کے کسی جاننے والے یا قابلِ اعتماد فرد کے طور پر پیش کرتے ہیں اور اسے ویڈیو میٹنگ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ اس دوران مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ڈیپ فیک ویڈیو استعمال کرکے متاثرہ شخص کا اعتماد حاصل کیا جاتا ہے۔
اس کے بعد ہیکرز ویڈیو کال کے دوران کسی جعلی تکنیکی خرابی کا بہانہ بناتے ہیں اور متاثرہ شخص سے کہتے ہیں کہ وہ خرابی دور کرنے کے لیے ایک لنک پر کلک کرے یا کوئی مخصوص ہدایت پر عمل کرے۔ اس عمل کے نتیجے میں اس کے کمپیوٹر یا ڈیوائس میں نقصان دہ سافٹ ویئر (مالویئر) انسٹال ہو جاتا ہے۔
ہیکرز متاثرہ شخص کی رابطہ فہرست، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیغام رسانی کی ایپس تک رسائی حاصل کرکے اس کی شناخت استعمال کرتے ہیں اور پھر اس کے دوستوں، ساتھیوں یا دیگر جاننے والوں کو اگلا نشانہ بناتے ہیں۔
ایف بی آئی کے مطابق ادارے نے فیس سٹیلر سکیم کا شکار ہونے والے افراد کی 900 سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی قبضے میں لی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرینڈی نے کہا کہ فیس اسٹیلر ایک انتہائی مؤثر سماجی انجینیئرنگ سکیم ہے جو کمپیوٹر اور سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تجربہ رکھنے والے افراد کو بھی دھوکہ دے سکتی ہے۔
ان کے مطابق یہ طریقہ کار ویڈیو کانفرنسنگ کے عام پلیٹ فارمز اور قریبی ذاتی تعلقات پر ہمارے اعتماد کو نشانہ بناتا ہے۔
پیٹرک گرینڈی نے خبردار کیا کہ اگر کسی شخص کو لگتا ہے کہ وہ اس طرح کے فراڈ کا شکار نہیں ہو سکتا تو اسے اس امکان پر مزید غور کرنے کی ضرورت ہے۔
ایف بی آئی کے مطابق ادارے نے فیس سٹیلر سکیم کا شکار ہونے والے افراد کی 900 سے زائد ویب کیم ویڈیوز بھی قبضے میں لی ہیں۔