Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رس گلے میں بم‘، انڈین شہری دھوکے سے کھا گیا، منہ میں بم پھٹنے سے ہلاک

جنگلی سوروں کو مارنے کے لیے استعمال ہونے والے بم انڈیا کی ایک عام مٹھائی ’رس گلے‘ سے بھی مشابہت رکھتے ہیں (فائل فوٹو: نیو بزنس ایج)
انڈیا میں ایک شخص اُس وقت ہلاک ہو گیا جب روایتی مٹھائی کی شکل میں بنایا گیا دیسی ساختہ بم اُس کے منہ میں پھٹ گیا۔ پولیس نے جمعے کو اِس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی بعض دیہی برادریاں جنگلی سوروں کو مارنے کے لیے مقامی ساختہ بم استعمال کرتی ہیں۔ یہ بم آٹے یا گوندھے ہوئے پیڑے میں بارود بھر کر بنائے جاتے ہیں، جس کے لیے عموماً پٹاخوں یا پتھر کی کانوں سے حاصل کیا گیا بارود استعمال ہوتا ہے۔
تاہم، یہ بم انڈیا کی ایک عام مٹھائی ’رس گلے‘ سے بھی مشابہت رکھتے ہیں۔ رس گلہ ایک نرم، گول مٹھائی ہے جسے چینی کے شیرے میں ڈبویا جاتا ہے اور روایتی طور پر پورے کا پورا رس گلہ منہ میں رکھ کر کھایا جاتا ہے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ راجندر باروتیا کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ واقعہ منگل کو وسطی انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ڈنڈوری میں پیش آیا، جہاں راجندر آگ کے الاؤ کے گرد بیٹھا تھا۔ اِسی دوران گاؤں کا ایک شخص یہ ’مٹھائی‘ لے کر آیا جسے ایک دوسرے شخص نے راجندر کو کھانے کے لیے پیش کیا۔
پولیس افسر ریکھا سنگھ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’علاقے کے بعض قبائلی جنگلی سوروں کو مارنے کے لیے یہ بم استعمال کرتے ہیں۔ یہی بم اِس شخص کو کھانے کے لیے پیش کیا گیا تھا اور یہ اِس کے منہ میں پھٹ گیا۔‘
راجندر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے اُن کے خلاف غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
ریکھا سنگھ نے مزید کہا کہ ’ہمیں معلوم نہیں کہ اِس واقعے کے پسِ پردہ قتل کی نیت تھی یا یہ صرف ایک شرارت تھی۔ اِس بات کا تعین تفتیش کے بعد ہی ہو سکے گا۔‘

شیئر: