Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدوادمی میں طوفان سے کھمبے اکھڑ گئے

علاقے کو شدید گردو غبار کے طوفان نے لپیٹ میں لے رکھا ہے( فوٹو، سبق نیوز )
سعودی عرب کے مختلف علاقو ں میں ان دنوں موسمی تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔ بعض علاقوں میں بارش جبکہ کہیں شدید گردو غبار کا طوفان ہے۔ الدوادمی کمشنری میں آنے والے گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے بعض شاہراؤں پر نصب بجلی کے کھمبے گر گئے۔
شاہراہوں پر بجلی کے پول گرنے سے سفر کرنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے اس حوالے سے الدوامی ریجن میں رہنے والوں سے رابطہ کیا جن کا کہنا ہے کہ شاہراؤں پر بجلی کے پول اکھڑ جانے سے انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب بجلی کمپنی کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر نصب کھمبے ان کی ذمہ داری نہیں۔
اس ضمن میں بلدیہ کے ریجنل ترجمان نواف الدلبحی کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر نصب بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ نہیں چھوڑا گیا، جن علاقوں میں بجلی کے کھمبے طوفانی ہوا سے گرے ہیں ان میں ترقیاتی کام جاری ہے اور متعلقہ ٹھکیدار کی جانب سے ابھی تک علاقہ بلدیہ کے سپرد نہیں کیا گیا۔

شاہراہوں پر مسافرو ں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ( فوٹو: سبق نیوز)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کے شعبہ ہنگامی حالات و قدرتی آفات کے ادارے کے جانب سے معاملے کو دیکھا جا رہا ہے جلد ہی متعلقہ علاقے میں گرنے والے کھمبے دوبارہ نصب کر دیے جائیں گے۔
علاقے میں رہنے والوں کا کہنا تھا کہ ان دنوں علاقے میں شدید گردوغبار کا طوفان آیا ہوا ہے ایسے میں شاہراؤں پر گرے ہوئے کھمبے کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ نہیں ہے تاہم یہ بھی مناسب نہیں کہ گرے ہوئے کھمبے اسی حالت میں پڑے رہیں انہیں اٹھانا بلدیہ کی ذمہ داری ہے۔

شیئر: