Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ اور آسٹریلیا میں بھی کورونا سے ہلاکتیں

صدر ٹرمپ نے کورونا کے پھیلاؤ پر کہا کہ امریکہ حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس سے بچنے کے لیے دنیا کے بیشتر ممالک میں اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود امریکہ اور آسٹریلیا اب ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جہاں اس بیماری سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے اتوار کو ہلاک ہونے شخص کو حال ہی میں جاپان کی کروز ڈائمنڈ پرنسس سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی تھی۔
حکام کے مطابق یہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے، جو کہ شہر پرتھ کے ایک ہسپتال میں ہوئی۔
آسٹریلیا کے محمکہ صحت کی ایک افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے 78 سالہ شخص کی 79 سالہ اہلیہ بھی کروز میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھیں اور اب پرتھ کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دونوں میاں بیوی ان ایک سو 60 آسٹریلوی شہریوں میں شامل تھے جنہیں گذشتہ مہینے جاپان کی کروز سے نکالا گیا تھا۔ دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں پرتھ میں ہسپتال بھیجا گیا تھا۔
ادھر امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل کی کنگ کاؤنٹی میں رپورٹ کی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے شخص کا ان جگہوں سے کوئی تعلق نہیں تھا جنہیں وائرس کی وجہ سے خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔

دونوں میاں بیوی ان ایک سو 60 آسٹریلوی شہریوں میں شامل تھے جنہیں گذشتہ مہینے جاپان کی کروز سے نکالا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

سیٹل اور کنگ کاؤنٹی میں صحت عامہ کے افسر جیف ڈچن کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 50 برس سے زیادہ تھی۔
وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کورونا کے مزید کیسز کے سامنے آنے کے امکانات ہیں تاہم ’صحت مند افراد پوری طرح سے ٹھیک ہو سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ہمارا ملک کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے میڈیا اور سیاستدانوں سے کہا کہ لوگوں میں کورونا کے بارے میں خوف نہ پھیلائیں۔

شیئر: