Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے بچاﺅ:  مکہ میں بڑے پیمانے پر احتیاطی تدابیر 

مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے بڑے پیمانے پر احتیاطی تدابیر کی ہیں۔ 
سعودی حکومت مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیے ہوئے ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

صحن 24 گھنٹے میں چھ مرتبہ دھوئے جارہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ’ایک سپیشل مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش ، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش سپرے کیا جا رہا ہے۔‘
مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے۔ قالینوں پر بھی اس کا سپرے کیا جا رہا ہے۔
مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن چوبیس گھنٹے میں چھ مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔
الجابری نے بتایا کہ ’ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے۔ طہارت خانوں کی صفائی بھی چھ مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش سپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے‘۔
’آب زمزم کے کولر کے سٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں۔ تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق مسجد الحرام و مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کی سپیشل ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے او رزیارت کے لیے آنے والو ںکو حفاظتی ماسک پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

شیئر: