Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد عارضی طور پر معطل

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے باعث عمرے یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 عرب نیوز اور سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیاحتی ویزے پر ان ممالک سے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ معطل کیا گیا ہے جہاں سعودی صحت حکام کے طے کردہ معیار کے مطابق نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے‘۔

کورونا  کے خطرے کو روکنے کے لیے مملکت آمد کو معطل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا 

 ’مملکت میں کورونا وائرس کے خطرے کو روکنے کے لیے رہنما اصولوں کے تحت جی سی سی ممالک کے شہریوں کی قومی شناختی کارڈ کے ذریعے مملکت آمد و رفت کو بھی معطل کیا جا رہا ہے‘۔
 قبل ازیں سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے مملکت آنے والے تمام مسافروں کو نیا ہدایات نامہ جاری کیا تھا۔
 ہدایت نامے میں کہا گیا تھا ’جو افراد مملکت آنے سے 15روز قبل تک چین میں قیام پذیر رہے ہیں تو ایئرپورٹ، سی پورٹ یا بری سرحدی چوکی پہنچنے پر امیگریشن حکام کو اس حوالے سے آگاہ کریں‘۔

کسی بھی مسافر پر شبے کی صورت میں طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: روئٹرز 

سعودی وزارت صحت نے امراض سے بچاﺅ اور انسداد کے قومی مرکز کے تعاون سے کرونا وائرس کے سدباب کے لیے سخت احتیاطی تدابیر مقرر کر رکھی ہیں۔
 ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر کرونا وائرس کا پتہ لگانے اور متاثرین کے علاج کے لیے سینٹر بھی قائم کیے ہیں۔
کسی بھی مسافر پر شبے کی صورت میں طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

شیئر: