Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سات ممالک کے لیے سیاحتی ویزوں پر عارضی پابندی

پابندی سے مستثنی ممالک کے سیاح مکہ، مدینہ کے علاوہ دیگر شہروں میں جاسکیں گے( فوٹو ،سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں وزارت سیاحت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سات ممالک کے لیے سیاحتی ویزوں پرعارضی طور پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں چین، اٹلی، کوریا، جاپان، سنگاپور اور قازقستان شامل ہیں۔ 
مذکورہ ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزوں کا اجرا بھی فوری طور پر روک دیا گیا ہے بلکہ ان ممالک سے آنے والے وہ سیاح جنہوں نے سیاحتی ویزے حاصل کیے ہوئے تھے مگر انہیں استعمال نہیں کیا  انہیں بھی عارضی طور پر منسوخ کرنے کااعلان کر دیا گیا ہے۔
سیاحتی ویزوں کے حوالے سے وزارت سیاحت کا مزید کہنا ہے کہ جن  سات ممالک پر عارضی پابندی لگائی گئی ہے ان کےعلاوہ دیگر ممالک سے سیاحتی ویزوں کا اجرا حسب معمول جاری ہے جو مذکورہ کیٹگری کی لسٹ میں شامل ہیں۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ ممالک جن کے لیے سیاحتی ویزوں کا اجرا حسب معمول جاری ہے وہاں سے آنے والے سیاح بھی موجودہ حالات کے پیش نظر مکہ اور مدینہ نہیں جاسکیں گے۔

  پابندی سے مستثیٰ ممالک کے سیاح مملکت آنے سے قبل معلومات حاصل کریں( فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت سیاحت کی جانب سے ان ممالک کے لیے جہاں سیاحتی ویزوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی، سے آنے والے سیاحوں کی رہنمائی کے لیے ٹیلی فون نمبر  00966920000890 مخصوص کیے ہیں جن پر کال کرکے بیرون ملک سے آنے والے سیاح درست معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور شینجن ویزہ رکھنے والے افراد جن کےلیے مملکت پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہی ویزے جاری کیے جاتے تھے کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب آنے سے قبل مذکورہ ٹیلی فون نمبر پر اپنا پروگرام بتا کر درست رہنمائی حاصل کریں۔

اس ضمن میں وزارت سیاحت کا کہنا ہے ’پابندی کا مقصد مملکت میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ آنے والے زائرین کی حفاظت ہے۔‘
اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر امور صحت کے اداروں کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں کی جارہی ہیں تاکہ لوگوں کو نئے کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔

 


مملکت کی سیاحت کے لیے 49 ممالک سے آن لائن سیاحتی ویزہ حاصل کیا جا سکتا ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)

واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کےلیے 49 ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے جارہے تھے جبکہ یورپ ممالک کا مشترکہ ویزہ رکھنے والوں کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے آن ارائیول ویزہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔
آن لائن ویزے کی سہولت میں پاکستان، بھارت ،بنگلہ دیش اور انڈونیشیا کے علاوہ بعض افریقی ممالک شامل نہیں ہیں۔

شیئر: