Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پابندی کے بعد سعودی عرب سے ایک لاکھ زائرین کی واپسی

سعودی وزارت کے مطابق عمرہ ویزوں کا آن لائن اجرا بند کر دیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ ویزوں کے آن لائن اجرا کی عارضی بندش سے پہلے عمرے اور زیارت کے لیے چار لاکھ 69 ہزار افراد مملکت میں موجود تھے اور ویزوں پر پابندی کے فیصلے سے لے کر اب تک ایک لاکھ چھ ہزار عمرہ زائرین سعودی عرب سے رخصت ہو چکے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے اتوار کو سعودی عرب میں کورونا وائرس کی جائزہ کمیٹی کے نمائندوں کی پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ ’مکہ اور مدینہ میں رہنما مراکز کو مزید عملہ مہیا کر دیا ہے تاکہ پوری قوت کے ساتھ مطلوبہ امور انجام دیے جا سکیں۔‘
وزارت حج و عمرہ کے مطابق جی سی سی ممالک کے عمرہ زائرین کے لیے تین گھنٹے کے اندر آن لائن سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔
’ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر خصوصی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ یہ کام وزارت صحت کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے۔‘
سیکرٹری خارجہ تمیم الدوسری نے بتایا کہ ’عمرہ اور سیاحت کے سوا تمام ویزے بعض ممالک کے لیے ماضی کی طرح اب بھی جاری کیے جا رہے ہیں‘۔
کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے صرف عمرہ اور سیاحت کے ویزے معطل کیے گئے ہیں۔

عمرہ اور سیاحت کے سوا دیگر ویزے جاری کیے جا رہے ہیں (فوٹو: سبق)

انہوں نے کہا کہ ’عمرہ اور سیاحت کے ویزوں کے سوا دیگر ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کا اجرا متاثر نہیں ہوا‘۔
اس سوال پر کہ جی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے آنے والوں سے متعلق ویزوں کی پالیسی کیا ہوگی؟
الدوسری نے کہا کہ ’وزارت خارجہ اور جی ٹوئنٹی کے لیے سعودی سیکرٹریٹ سرکاری مہمانوں کی آمد کے انتظامات مل کر کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام سرکاری مہمانوں پر وہی صحت ضوابط لاگو ہوں گے جو سعودی حکومت نے مقرر کیے ہیں۔

عارضی بندش سے پہلے عمرے اور زیارت کے لیے چار لاکھ سے زائد افراد مملکت میں موجود تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)

یاد رہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے 26 فروری کو عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی لگا دی تھی۔
وزارت خارجہ نے ایسے تمام ممالک سے جہاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں سے سیاحوں کی آمد بھی معطل کر دی ہے۔
یہ پابندی سعودی عرب کے صحت کے اداروں کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق لگائی گئی ہیں۔

شیئر: