Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ماں ہی بچوں کے لیے ناگ سے لڑ سکتی ہے‘

گلہری کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی ممتا کے جذبے پر بحث شروع ہوگئی (فوٹو:سکرین گریب)
ماں کی اپنے بچوں کے لیے جانثاری مثالی ہوتی ہے۔ یہ بات صرف انسانوں تک محدود نہیں بلکہ جانوروں میں بھی ایسے جذبات بارہا دیکھے گئے ہیں۔
حال ہی میں انڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک گلہری کو اپنے بچوں کی حفاظت کی خاطر کوبرا یعنی ناگ سے لڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کو انڈیا کے محکمہ جنگلات کے افسر سوشانت نندا نے شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ماں کے پیار کی کوئی حد نہیں اور یہ آخری سانس تک بھی ختم نہیں ہوتا۔ یہ ایک طاقتور ماں کی مثال ہے جو اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے اپنے سے کہیں زیادہ طاقتور ناگ سے لڑنے سے بھی گریز نہیں کر رہی ہے۔‘
تقریباً دو منٹ کی یہ ویڈیو کروگر سائٹنگ کی جانب سے یوٹیوب اور انسٹا گرام پر پہلے ڈالی گئی تھی۔ اس ویڈیو کو اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی ماں کی مامتا اور قدرت کے تحفظ کے نظام پر ایک بحث چھڑ گئی ہے۔
اب جب ماں کی بات آ گئی ہے تو گذشتہ ہفتے ایک خاتون پولیس اہلکار اپنے بچے کو لے کر ڈیوٹی پر پہنچ گئیں جس کی وجہ سے ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
دراصل انڈیا کے دارالحکومت دہلی سے ملحق نوئیڈا میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایک تقریب میں حصہ لے رہے تھے کہ اچانک لوگوں کی نظر ایک خاتون کانسٹیبل پر پڑ گئی جنہوں نے اپنی گود میں اپنے ڈیڑھ سال کے بچے کو اٹھا رکھا تھا۔
کانسٹیبل پریتی رانی نے بتایا کہ بچے کے والد کا آج ایک امتحان میں شرکت کرنا ضروری تھا اور وہ بچے کی نگرانی کے لیے نہیں تھے اس لیے مجھے مجبوراً بچے کو ڈیوٹی پر لے کر آنا پڑا۔
وہ صبح چھ بجے سے وی وی آئی پی کی سکیورٹی کی ڈیوٹی پر تھیں۔ سوشل میڈیا صارفین جہاں ممتا کے پہلو کی تعریف کر رہے ہیں تو کئی ڈیوٹی کے متعلق ان کے جذبے کو سراہ رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ’وردی میں مدر انڈیا کو ہم سلام کرتے ہیں‘ تو ایک دوسرے نے لکھا کہ ’پیار کرنے والی ماں اور ایک ایماندار افسر۔‘
اب جب ایمانداری اور احساس ذمہ داری یعنی ڈیوٹی کی بات آئی تو جنوبی ہندوستان سے ایک خبر وائرل ہے۔ ریاست کیرالہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سکول کالجز بند ہیں۔ ایسے میں ایک ٹیچر کا بچے کے گھر مڈ ڈے میل لے کر آنا بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔
در اصل ریاست میں جہاں بہت سی چیزیں بند ہیں حکومت نے یہ یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ شہریوں کو کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
اسی سلسلے میں سرکاری پرائمری سکولوں میں بچوں کے لیے مڈ ڈے میل کا انتظام ہے۔ اسی سلسلے کی ایک تصویر گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں آنگن باڑی کی ایک ٹیچر اپنے بچے کے گھر مڈ ڈے میل لے کر پہنچ گئی۔ یہ تصویر مقامی اخبار ملیالا منورما میں شائع ہوئی اور پھر اسے لز میتھو نے ٹوئٹر پر شیئر کیا جسے ہزاروں لوگوں نے پسند کیا۔
لز میتھو نے لکھا ’بیش قیمتی! کورونا وائرس کی وجہ سے کیرالہ میں سکول بند ہے اور یہ بچہ اپنی ٹیچر کو دیکھ کر یقیناً خوش ہے جو مڈ ڈے میل لے کر آئی ہیں۔
منگل کو کیرالہ کے وزیراعلیٰ! نے اعلان کیا تھا کہ تمام سکول بند رہیں گے لیکن کھانا گھروں کو پہنچایا جائے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں