Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا وائرس سے بچنے کے لیے چار چیزیں‘

وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’مصافحہ کرنے سے مکمل طور پر اجتناب کریں‘ (فوٹو: سبق)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے چار چیزیں اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس پوری دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم بھی اس دنیا کا حصہ ہیں، ہماری قیادت اور ہماری حکومت نے آپ کی سلامتی کے لیے کئی حفاظتی اقدامات کیے ہیں‘۔
وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’یہ ہم سب کے لیے چیلنج ہے جس میں سب کا تعاون ضروری ہے، چار چیزیں ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’پہلی چیز یہ ہے کہ مصافحہ کرنے سے مکمل طور پر اجتناب کریں، ہاتھوں کو جراثیم کش اور صابن سے اچھی طرح دھوئیں‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ وائرس کی منتقلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہاتھ ہیں، چنانچہ ان کی صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے‘۔
انہوں نے تیسری چیز یہ بتائی کہ ’بھیڑ بھاڑ سے بچیں، لوگ بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع نہ ہوں کیونکہ اس طرح وائرس کی منتقلی آسانی سے ہوتی ہے‘۔
وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’آخری چیز یہ ہے کہ ’اگر آپ کرونا وائرس کی علامات محسوس کریں یا بیرون ملک سے آئے ہیں تو خود کو ایک کمرے تک محدود رکھیں۔ 14 دن کے لیے کسی سے میل ملاپ نہ کریں۔ یہ آپ کی اور دوسرے لوگوں کی سلامتی کے لیے ضروری ہے‘۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’یہ قومی فریضہ ہے جس میں سب کا تعاون مطلوب ہے، ہم سب اس فریضے کو ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ ہم سے براہ راست رابطہ کریں، ہم آپ کی خدمت کے لیے موجود ہیں‘۔

شیئر: