Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں شاپنگ مالز اور ریستوران بند کرنے کا اعلان

سپر مارکیٹیں اور فارمیسی سٹورز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں شاپنگ مالز،عوامی بازار اورریستوران بند رکھنے  بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شاپنگ مالز میں موجود تفریحی مراکز بھی بند کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سرکاری ملازمین کو 16 دن تک گھروں میں رہنے کے لیے کہا گیا ہے تاہم صحت ، سیکیورٹی اور فوج میں کام کرنے والے فیصلے سے مستثنیٰ ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے  اورسبق کے مطابق مکہ گورنریٹ کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق تجارتی مراکز، شاپنگ مالز میں قائم ریستوران اور پلے لینڈ بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس پابندی سے سپر مارکیٹیں اور فارمیسیاں مستثنیٰ ہوں گی۔

شاپنگ مالز میں موجود تفریحی مراکز بھی بند کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔(فوٹو سوشل میڈیا)

جدہ اور ریاض کی میونسپلٹیوں نے تمام تجارتی کمپلیکس، مالز اور ان میں جاری جملہ سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریستوران ، بچوں کے پلے لینڈ بھی شامل ہوں گے۔
 تجارتی مراکز اور مالز میں موجود سپر مارکیٹیں اور فارمیسیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مشرقی ریجن کی میونسپلٹی کے ترجمان محمد بن عبدالعزیز الصفیان نے بتایا کہ ’میونسپلٹی نے احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام عوامی بازار ، بچوں کے پلے لینڈز اور تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے‘۔

سپر مارکیٹس کارکنان کو میڈیکل ماسک اور دستانے فراہم کریں۔(فوٹو سوشل میڈیا)

’سپر مارکیٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کارکنان کو میڈیکل ماسک اور دستانے فراہم کریں۔ دروازوں پر جراثیم کش ادویہ کےسپرے کا انتظام  کیا جائے۔ ٹرالی کو مسلسل اسپرے کیا جاتا رہے‘۔
میونسپلٹی نے باربر شاپس ، بیوٹی پارلرز کو کئی احتیاطی تدابیر اپنانے کا حکم دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی امور نے تمام میونسپلٹیوں اور بلدیاتی کونسلوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ’ تجارتی مراکز میں تفریحی مقامات بند کرائیں۔ شادی گھروں اور تعزیتی مجالس کے انعقاد کو روکیں۔ اس فیصلے پر 15مارچ سے عملدرآمد شروع کرادیا جائے‘۔

 

شیئر: