Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب یومیہ دس لاکھ بیرل تیل برآمد کرے گا‘

آئندہ چند ماہ کے دوران اس پر عمل درآمد ہوگا ( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے مطابق سعودی عرب آئندہ چند ماہ کے دوران یومیہ دس لاکھ بیرل سے زیادہ تیل برآمد کرنے لگے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ ’خام تیل کی برآمدات میں اضافہ اس لیے ممکن ہوسکا کیونکہ سعودی عرب اندرون ملک 250 ہزار بیرل تیل سے اپنی ضروریات پوری کرنے کے بجائے گیس سے یہ ضرورت پوری کرنے لگا ہے۔ یہ گیس الفاضلی فیکٹری سے حاصل کی جارہی ہے۔‘
ادھر امریکہ کے تیرہ سینیٹرز نے ڈان سولیوان اور کیون کریمر کی قیادت میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام ایک خط ارسال کیا ہے۔

 سعودی عرب بیشتر ضروریات گیس سے پوری کرنے لگا ہے ( فوٹو سوشل میڈیا)

سینیٹرز نے عالمی تیل منڈی میں موجود خلفشار ختم کرانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔ خط پر ری پبلکن پارٹی کے سینیٹرز کے دستخط ہیں۔ ان میں تیل سے مالا مال امریکی ریاستوں ٹیکساس اور الاسکا کے سینیٹرز کے بھی دستخط ہیں۔
پروگرام کے مطابق امریکی سینیٹرز جلد اس مسئلے سمیت متعدد امور پر بات چیت کے لیے واشنگٹن میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر سے بھی ملاقات کریں گے۔
امریکی سینیٹرز نے اپنے خط میں سعودی ولی عہد سے کہا ہے کہ وہ سعودی خام تیل کے نرخوں میں کمی اور تیل پیداوا ر سے متعلق فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

تیرہ امریکی سینیٹرز نے  ولی عہد کے نام ایک خط ارسال کیا ہے ( فوٹوسوشل میڈیا)

امریکی سینیٹرز نے سعودی عرب کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی ہے کہ امریکہ کئی عشروں تک سعودی عرب کا معتبر اور طاقتور شریک رہا ہے۔ چاہتے ہیں کہ سعودی عرب کی وزارت توانائی خام تیل کے نرخوں میں کمی اور پیداوار میں اضافے کی پالیسی پر  نظر ثانی کرے تاکہ عالمی تیل منڈی میں نرخوں کے حوالے سے جو تشویش کم ہو سکے۔
امریکی سینیٹرز نے اعتراف کیا ہے کہ سعودی عرب عالمی تیل منڈی کے استحکا م کا ضامن ہے۔ اسی لیے چاہتے ہیں کہ سعودی عرب عالمی معیشت کے استحکام کی بحالی کے لیے اپنا قائدانہ کردارادا کرے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: