Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، چار اہلکار ہلاک

فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سات مبینہ دہشت گرد اور ایک افسر سمیت چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آپریشن انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جب مصدقہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل سے سات کلومیٹر دور ماما زیارت کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا، تو انہوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت چار سکیورٹی اہلکار بھی جان سے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، آئی ای ڈیز اور بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں میں لاہور کے رہائشی 26 سالہ لیفٹیننٹ مقدس علی خان، لانس حوالدار قمر ندیم، سپاہی محمد قاسم اور سپاہی توصیف شامل ہیں۔

شیئر: