Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 1480 ہلاکتیں

امریکی طبی ماہرین نے ملک میں ایک سے دو لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس سے امریکہ میں 24 گھنٹے کے دوران لگ بھگ ڈیڑھ ہزار افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ وبا پھوٹنے کے بعد یہ دنیا بھر میں ایک دن میں ہونے والی ریکارڈ ہلاکتیں ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں اب کل ہلاکتیں سات ہزار 406 ہو گئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں ایک ہزار 480 ہلاکتیں جمعرات کی شام سے جمعے کی شام تک ریکارڈ کی گئیں۔ 

 

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں ’انتہائی تکلیف دہ دو ہفتے‘ آنے والے ہیں۔ 
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ میں دو ہفتے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح بڑھ سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ایسٹر کے دوران ہلاکتیں سب سے زیادہ ہوں گی۔‘
ایسٹر مسیحی تہوار ہے جو اپریل کی 12 تاریخ کو آتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات میں 30 اپریل تک توسیع کا بھی اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب نیو یارک کے میئر نے کہا تھا کہ ہسپتالوں میں گنجائش تین گنا بڑھانا پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہسپتالوں کی ضرورت ہے جو پہلے کبھی نہ دیکھے ہوں بلکہ اتنے بڑے ہسپتالوں کے بارے میں سوچا تک نہ گیا ہو۔
واضح رہے کہ ریاست نیو یارک میں یکم مارچ کو وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور ایک ماہ میں وہاں 75 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلنے سے نیویارک مکمل طور پر بدل گیا ہے اور سڑکوں، پارکوں میں ویرانی ہے جبکہ نظر آنے والے چند لوگوں نے ماسک پہنے ہوئے ہیں۔ 

شیئر:

متعلقہ خبریں