Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہوم سروس کے اشتہارات خلاف قانون ہیں‘

’ہوم سروس کے اشتہار چلانا دوسروں کو قانون توڑنے پر اکسانے کے برابر ہے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
کورونا وائرس کے باعث تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عرب امارات کے مختلف شہروں میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز نے ہوم سروس کے اشتہارات چلانے شروع کر دیے ہیں۔
سوشل میڈیا کے علاوہ گاہکوں کو ایس ایم ایس کے ذریعہ باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کی طرف سے ہوم سروس فراہم کرنے کے اشتہارات موصول ہو رہے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں باربر شاپس اور بیوٹی پارلر ز کو بند کر دیا گیا ہے۔
صارفین نے کہا ہے کہ انہیں مختلف باربر شاپس اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ایس ایم ایس کے ذریعہ ہوم سروس کے اشتہارات موصول ہوئے ہیں۔
ادھر دبئی اور الفجیرہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’باربر شاپش اور بیوٹی پارلر کی طرف سے ہوم سروس کے اشتہار کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔‘
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’خلاف ورزی کرنے والے باربر شاپں یا بیوٹی پارلرز کے خلاف کارروائی ہوگی، ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔‘
’ہوم سروس کے اشتہارات چلانا انتہائی غیر ذمہ داری ہے، ایسا کرنا جرم ہے۔ یہ دوسروں کو قانون توڑنے پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے جس پر 5 لاکھ درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔‘

کورونا پر قابو پانے کے لیے باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز کو بند کیا گیا ہے۔ (فوٹو: الامارات الیوم)

میونسپلٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وبائی قوانین میں واضح ہے کہ جس نے بھی خود اپنی یا دوسری کی جان خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو اسے قید اور جرمانہ ہوگا۔‘
دوسری طرف وزارت صحت کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ ’باربر شاپس اور بیوٹی پارلر بند کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں کورونا وائرس پھیلنے کے زیادہ امکانات ہیں۔‘
’جس کام کو دکانوں میں کرنے کی اجازت نہیں اسے گھروں میں کرنے کی اجازت کیسے ہوسکتی ہے۔ حجام اور گاہک کے درمیان کام کے دوران فاصلہ بہت کم رہتا ہے جس کے باعث دونوں کو خطرہ لاحق ہے۔‘

شیئر: