Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پچاس سالہ اداکاروں کو ’گرے‘ اچھا لگنے لگا

سکرین پہ دکھائی دینے والے اکثر ہیروز نصف صدی گزار چکے ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
کورونا وائرس نے تیز رفتار زندگی میں ٹھہراؤ  پیدا کیا تو احساس ہوا کہ کتنا سارا وقت تو یونہی گزر گیا ہے۔ اس کا شدت سے احساس تب ہوا جب بالی وڈ کے چند اداکاروں نے لاک ڈاؤن میں اپنی تصاویر  سوشل میڈیا پر شیئر کیں، بالخصوص ان ہیروز نے  جو نوے کی دہائی سے سلور سکرین پر نظر آ رہے ہیں۔
اکشے کمار، رتک روشن، کرن جوہر اور سنیل شیٹی نے لاک ڈاؤن کے دوران بغیر بالوں کو رنگ کیے تصاویر شیئر کیں تو ان کے سر کے اور داڑھی کے بالوں میں سفیدی نمایاں تھی۔
بالی وڈ کی فلموں میں ہیروز کا کردار ادا کرنے والے اکثر اداکار یا تو نصف صدی گزار چکے ہیں اور یا پھر  پچاس سال کے ہونے والے ہیں۔
ویسے تو اداکار اکثر شیو کیے ہوئے اور ڈائی کیے بالوں میں ہی نظر آتے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن میں تمام مردوں کا مشترکہ مسئلہ داڑھی مونچھ بنوانا اور بال کٹوانے کا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن سے ملنے والی فراغت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اکثر اداکار  داڑھی اور بڑھے ہوئے بالوں کی فکر کرنے کے بجائے ان سرگرمیوں میں مشغول نظر آرہے ہیں جو وہ مصروف زندگی کی وجہ سے نہیں کر پا رہے تھے۔
کرن جوہر نے تو اپنے سر کے بالوں کی سفیدی کی انتہائی قریب سے کھچی ہوئی تصویر شیئر کی جس پر انہوں نے لکھا کہ گرے رنگ بھی معنی رکھتا ہے۔

 کرن جوہر نےٹوئٹر پر اپنی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’گرے رنگ‘ بھی معنی رکھتا ہے۔  فوٹو ٹوئٹر

اداکار اکشے کمار لاک ڈاؤن سے اکثر اپنی ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں جن میں وہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اظہار خیال یا پھر لاک ڈاؤن کے دوران اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کر رہے ہوتے ہیں، لیکن ساتھ ہی ان کی سفید داڑھی بھی واضح ہوتی ہے جس پر صارفین نے تبصرے بھی کیے۔
52 سالہ اکشے کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1991 میں کیا تھا اور اس دوران ان پر فلمائے گئے بیشتر گانے مشہور ہوئے، لیکن ایک گانا ’گورے گورے مکھڑے پہ کالا کالا چشمہ‘ آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
رتک روشن نے کئی روز پہلے داڑھی رکھے ہوئے ایک فوٹو شیئر کی تھی جس پر انہوں نے اپنے بالوں میں سفیدی کے حوالے سے لکھا ’بلیک، وائٹ اینڈ گرے۔‘ 46 سالہ رتک روشن نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2000 میں فلم ’کہو نہ پیار‘ سے کیا تھا جس کے گانے اور بالخصوص رتک کے ڈانس کا انوکھا انداز کافی پسند کیا گیا تھا۔
سنیل شیٹی نوے کی دہائی کے اکثر ہیروز سے عمر میں بڑے ہیں۔ 58 سالہ سنیل شیٹی کی اس وقت کی ہیروئن شلپا شیٹی کے ساتھ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی تھی۔ 

سنیل شیٹی نے فلمی کیریئر کا آغاز 1992 میں کیا تھا۔ فوٹو: ٹوئٹر

 بالی وڈ سٹارز قرنطینہ میں بھی اپنی زندگی کو دلچسپ بنائے رکھنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور اپنی ویڈیوز بنا کر شیئر کرتے رہتے ہیں تاکہ مداحوں کو بوریت سے بچایا جا سکے۔ ایسے میں صارفین کو ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔

 

شیئر: