Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رمضان میں عشا کی اذان میں تاخیر نہ کی جائے‘

رمضان میں عشا کے وقت میں تاخیر کی جاتی تھی(فوٹو، سوشل میڈیا)
وزیر اسلامی امورڈاکٹرعبداللطیف آل الشیخ کی جانب سے رمضان  میں عشا کی اذان وقت پر دینے کے احکامات جاری کردیئے گئےہیں-
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیر اسلامی امور ودعوۃ والارشاد کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت کی تمام مساجد میں عشا کی اذان میں حسب سابق تاخیر نہ کی جائے جو عام طور پر ماہ رمضان میں کرنے کا رواج تھا‘-

کورونا کی وجہ سے نماز باجماعت عارضی طور پرروک دی گئی (فوٹو، سوشل میڈیا)

کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کی تمام مساجد میں جماعت کے ساتھ فرض نمازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے-
مساجد میں صرف پانچوں وقت کی اذان دی جاتی ہے، ہر اذان کے ساتھ موذن ’نماز گھروں میں ادا کریں ‘ کے الفاظ کا اضافہ کرتے ہیں-
یاد رہے سعودی عرب میں ہر برس ماہ رمضان المبارک میں روزہ افطار کرنے کے بعد عشا کی آذان میں کچھ دیر کی تاخیر کر دی جاتی تھی تاکہ لوگوں کو سہولت ہو اور وہ افطاری کے کچھ دیر بعد آرام کرکے نماز کے لیے وقت پر مساجد میں پہنچ سکیں۔ رواج کے مطابق بعض مساجد میں عشا کی آذان اورجماعت کے درمیان وقفہ بڑھا دیا جاتا تھا جبکہ بعض مساجد میں صرف آذان میں تاخیر کی جاتی تھی-
موجودہ کورونا کی صورتحال کے حوالے سے جب تمام مساجد میں نماز باجماعت پر عارضی طورپابندی عائد ہے ایسے میں وزیر اسلامی امور نے عشا کی آذان میں تاخیر کرنے کے عمل کوروک دیا ہے تاکہ لوگ گھروں میں ہی بروقت نماز ادا کرلیں-
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کے تمام شہروں میں کرفیو نافذ ہے جبکہ جدہ سمیت 9 شہروں میں کرفیو اورلاک ڈاون 24 گھنٹے کا ہے -
اس دوران بعض علاقوں کو مکمل طور پر سیل بھی کیا گیا ہے جہاں رہنے والے دوسرے علاقے میں نہیں نہ جاسکتے اور نہ ہی دوسرے علاقے کے لوگ ان علاقوں جاسکتے ہیں-

شیئر: