مسجدِ ابوبکر صدیق: مسجدِ نبوی کے قریب ایک تاریخی مقام
مسجد کی تعمیر کے ابتدائی آثار اموی دور سے تعلق رکھتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کے متعدد و نمایاں تاریخی مقامات میں ’مسجد ابوبکر الصدیق‘ کا شمار بھی ہوتا ہے جو مسجد نبوی کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد کی حضرت ابوبکر صدیق سے نسب کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنے دورِ خلافت میں اس مقام پر نمازِ عید کی امامت کی تھی۔ تاریخی ماخذ کے مطابق اس مقام پر رسول اکرمﷺ نے بھی مسجد نبوی سے باہر نماز عید ادا کی تھی۔
مسجد کی تعمیر کے ابتدائی آثار اموی دور سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ اس کی موجودہ عمارت 13ویں صدی ہجری کی ہے۔ مختلف ادوار میں اس کی مرمت اور تجدید کا کام ہوتا رہا ہے۔
سعودی عہد میں بھی تاریخی اسلامی مقامات کی ترقی و بحالی کے منصوبوں کے تحت اس مسجد کی خصوصی دیکھ بھال کی گئی۔
مسجد کا طرزِ تعمیر قریب واقع مسجد ’الغمامہ‘ سے ہم آہنگ ہے۔ اس کی نمایاں خصوصیات میں بڑا گنبد اور مشرقی جانب سیاہ پتھر سے مزین بیرونی دیوار شامل ہے جو مدینہ منورہ کی تاریخی مساجد کے روایتی طرزِ تعمیر کی عکاسی کرتی ہیں۔

مسجد ابو بکر الصدیق مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی ورثے کی ایک اہم یادگار ہے۔ یہ شہر ان متعدد تاریخی مقامات کا امین ہے جن کا تعلق سیرت نبوی اور خلفائے راشدین کے دور سے ہے۔
یہ مقامات زائرین اور اسلامی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔
