Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر میں بِلیوں کے لیے ’فیڈنگ پائپس‘

بلدیہ نے کورنیش پر 60 فیڈنگ پائپس نصب کیے ہیں (فوٹو: سبق)
کورونا وائرس سے جہاں انسان مشکلات سے دوچار ہیں وہاں جانوربھی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ سماجی دوری کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے لوگوں نے تفریحی مقامات پر جانا چھوڑ دیا جس کی وجہ مختلف مقامات پر موجود جانور جن میں بلیاں، کبوتر اور دیگر پرندے شامل ہیں کو کھانے پینے کی اشیا تلاش کرنے میں بھی کافی دشواری کا سامنا ہے۔

 خشک خوراک بلیوں کی مرغوب  غذا ہوتی ہے (فوٹو: اخبار 24 )

عام طور پر تفریحی مقامات پر موجود بلیوں کو وہاں آنے والے اپنی بچی کچھی خوراک دیتے تھے مگر جب سے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع ہوا ہے لوگ تفریحی مقامات پر نہیں جا رہے اور وہاں موجود بلیوں کو بھوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
الخبر کی بلدیہ نے ساحل پر رہنے والی بلیوں کی خوراک کے لیے خصوصی طور پر ’فیڈنگ پائپس‘ کا بندوبست کر دیا جس میں بلیوں کے لیے خشک خوراک اور ایک بوتل میں پانی رکھا جاتا ہے.ساحل کے مختلف مقامات پر60 عدد فیڈنگ پائپس نصب کیے گئے ہیں.
اس سے قبل حرم مکی کے باہر کبوتروں کے لیے دانے کا بندوبست بھی حرمین کے سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے کیا گیا تھا.
حرمین کے باہر موجود کبوتروں کو وہاں آنے والے لوگ دانہ ڈالتے تھے مگر جب سے کورونا کی وبا پھیلی اور مکہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کرفیو لگایا گیا کبوتروں کے لیے دانے کا انتظام سکیورٹی اہلکاروں نے کر دیا.
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ نے الخبر کے ساحل پر بلیوں کے لیے فیڈنگ پائپس کے انتظام کے حوالے سے تصویری کہانی میں کہا ہے کہ 'جیسے ہی بلدیہ کے کارکنوں نے بلیوں کے لیے نصب کیے گئے مخصوص پائیپوں میں خشک خوراک ڈالی فوراً بڑی تعداد میں بلیاں وہاں پہنچ گئیں اور کھانا کھانے لگیں.
بلدیہ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ 'اگرچہ یہ ہماری ڈیوٹی نہیں مگر بحثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ جانوروں کی خوراک کا بھی خیال رکھیں خاص کر ان حالات میں جب لوگ کرفیو کی وجہ سے تفریحی مقامات پر نہیں آتے اور جانوروں کو بھوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔'

کورونا کی وجہ سے کرفیو کے سبب لوگ ساحل پر نہیں جا رہے (فوٹو: اخبار 24)

بلدیہ کی جانب سے خصوصی طور پر پی وی سی کے پائپس تیار کیے گئے ہیں جن میں بلیوں کےلیے خشک خوراک ڈالی جاتی ہے، پائپ کے اوپری سرے کو مخصوص طریقے سے بند کر دیا جاتا تاکہ پانی یا کوئی اور چیز خوراک میں شامل نہ ہواور بلیوں کو بھی کھانا آسانی سے میسر ہو سکے.
فیڈنگ پائپس کے ساتھ ہی پانی کا بڑا کین رکھا گیا ہے جس میں مخصوص انداز میں ڈرین کرنے کے لیے نیچے پلیٹ لگائی گئی ہے جس میں ضرورت کے مطابق پانی نیچے آجاتا ہے اور بلیاں سیراب ہو کر اپنی پیاس بجھا لیتی ہیں.

شیئر: