Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ماں کے دودھ سے کورونا وائرس منتقل نہیں ہوتا‘

نومولود کو دودھ پلانے سے قبل ماسک کی پابندی کریں(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ماں کے دودھ سے کورونا وائرس شیرخوار میں منتقل نہیں ہوتا.
ترجمان نے کہا کہ اب تک ایسی کوئی رپورٹ ریکارڈ پر نہیں آئی جس سے پتہ چلتا ہو کہ کورونا کے مرض میں مبتلا کسی ماں نے اپنے بچے کو دودھ  پلایا ہو اور وہ اس سے متاثر ہوا ہو.
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان سے نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال پر منعقدہ پریس کانفرنس کے موقع پر استفسار کیا گیا تھا کہ کیا ماں کے دودھ سے شیرخوار میں کورونا وائرس منتقل ہوجاتا ہے.
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ مائیں نومولود کو دودھ پلانے سے قبل حفاظتی ماسک کی پابندی کریں تاکہ بچہ وائرس کی منتقلی سے محفوظ رہے. جہاں تک دودھ پلانے کا تعلق ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں. 
ڈاکٹر العبد العالی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثر ماں بننے والی خواتین کی صحت نگہداشت اعلی درجے کی ہے. ایسی کئی خواتین جو کورونا وائرس میں مبتلا تھیں بچوں کو جنم دے چکی ہیں اور ان کے بچے کورونا سے محفوظ ہیں. ایک دن قبل ریاض میں بھی اس قسم کا واقعہ ہوچکا ہے.

کورونا  سے متاثر خواتین کی صحت نگہداشت اعلی درجے کی ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)

العبد العالی نے کورونا سے متاثر ماں بننے والی خواتین کو کئی مشورے دیے. انہوں نے کہا کہ ماں بننے والی خواتین صفائی کا غیرمعمولی اہتمام رکھیں. گھروں میں خود کو الگ تھلگ رکھیں.
ڈاکٹروں سے مسلسل رجوع کرتی رہیں. طاقت والی ادویہ پابندی سے لیں اوران تمام ادویات کی پابندی کریں جو ڈاکٹر انہیں تجویز کیے ہوئے ہوں.

شیئر: