Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی بحالی: درمیانی نشستیں خالی رکھنے کی مخالفت

ورجن اٹلانٹک نے تین ہزار ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے فضائی آپریشن بحال کرنے پر بحث ہو رہی ہے اور ایسے میں ایئر لائنز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے ماسک پہن جہاز کر سفر کرنے کی حمایت کی ہے۔
تاہم اس تنظیم نے جہاز میں احتیاط کے طور پر درمیانی نشتوں کو خالی رکھنے کے اپنے ہی موقف کی مخالفت کی ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیف اکانومسٹ بریان پیرس نے کہا ہے کہا کہ اگر درمیانی نشستوں کو خالی رکھا گیا تو اکثر ایئر لائینز منافع نہیں کما سکیں گے۔
اپریل میں آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزینڈر ڈی جونیک نے کہا تھا کہ فضائی آپریشنز کی بحالی کے لیے دنیا کی دیگر حکومتوں کے ساتھ کی جانے والی بات چیت میں جہاز کی درمیانی نشستوں کو خالی رکھنے کا اپشن زیر غور ہے۔
دوسری جانب فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک ایئرلائن نے کورونا وائرس کے بحران کی وجہ سے اپنے تین ہزار ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آئی اے ٹی اے کے میڈیکل ایڈوائزر ڈیوڈ پال نے منگل کو میڈیا کو بتایا کہ جہاز میں چہرے کو ڈھانپنا، ماسک پہننا اور دیگر اقدامات بشمول جہاز میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کا بخار چیک کرنا اور صفائی کا خیال رکھنے سے فضائی آپریشن کو محفوظ طریقے سے بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
کورونا وائرس کے باعث پروازیں رک گئی ہیں۔ ایسے حالات میں کہ جب کسی کو معلوم نہیں کہ پابندیوں میں کب نرمی ہو گی، فضائی کمپنیاں اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ کس طرح فضائی آپریشن کو محفوظ طریقے سے دوبارہ بحال کیا جائے اور مسافروں کے اعتماد پر پورا اترا جائے۔
دیگر ایئرلائنز جیسے جرمن لفتھا نسا اور ہنگری کی وِز نے پہلے ہی مسافروں کے لیے جہاز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔

ایئر لائن نے کہا ہے کہ ’اپنے معاشی مستقبل کی بقا کے لیے ملازمتیں ختم کرنا ایک مجبوری تھی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم روئٹرز کے مطابق ’آئی اے ٹی اے نے منگل کو ہونے والی آن لائن نیوز کانفرنس میں یہ کہہ کر یوٹرن لے لیا ہے کہ درمیانی نشستوں کو خالی رکھ کر مسافروں کی حفاظت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
دوسری طرف اے ایف پی کے مطابق فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک نے منگل کو کورونا وائرس کے ’غیر معمولی دباؤ‘ کے باعث اپنے تین ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر لائن نے کہا ہے کہ ’اپنے معاشی مستقبل کی بقا کے لیے ملازمتیں ختم کرنا ایک مجبوری تھی۔‘

شیئر: