Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہلال احمر نے عارضی کرفیو پاس کا دورانیہ کم کردیا

عارضی کرفیو پاس کا دورانیہ ایک گھنٹہ کردیا گیا ہے.(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہلال الاحمر کے ڈائریکٹر برائے شعبہ ابلاغ عامہ فہد الحازمی نے کہا ہے کہ ہلال الاحمر کی جانب سے عارضی کرفیو پاس کا دورانیہ کم کرکے ایک گھنٹہ کر دیا گیا ہے.
ریاض میں کورونا وائرس کے حوالے سے یومیہ پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے الحازمی نے مزید کہا کہ ’ہلال الاحمر کی جانب سے طبی مرکز جانے کے لیےعارضی پاس جاری کیا جاتا تھا.جس کا دورانیہ 5 گھنٹے تھا.
فہد الحازمی کا کہنا تھا کہ ’موجودہ حالات اور موصول ہونے والی رپوٹس کا جائزہ لینے کے بعد دورانیے کو کم کر کے ایک گھنٹہ کر دیا گیا ہے‘.
 ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ڈائریکٹرہلال الاحمر کا کہنا تھا کہ ’عارضی کرفیو پاس کا دورانیہ جو ایک گھنٹے پر مشتمل ہے وہ گھر سے نکلنے سے طبی مرکز پہنچنے تک کا ہے.
انہوں نے کہا کہ ’طبی مرکز یا ہسپتال پہنچنے کے بعد میڈیکل رپورٹ حاصل کرنا ضروری ہے جس میں ہسپتال یا طبی مرکز میں لگنے والے ٹائم کی وضاحت کی گئی ہو‘.
’ہسپتال یا طبی مرکز سے حاصل کی جانے والی رپورٹ واپسی پر راستے میں اہلکاروں کو دکھایا جائے تاکہ کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہ ہوں‘.
واضح رہے ہلال الاحمر کی جانب سے مملکت میں کرفیو کے دوران طبی مرکز یا ہسپتال جانے کے لیے عارضی کرفیو پاس موبائل پر ارسال کیا جاتا ہے. ہلال الاحمر کے نمبر997 پر یہ سہولت فراہم کی گئی تھی.
قبل ازیں عارضی کرفیو پاس 5 گھنٹے کے لیے جاری کیا جاتا تھا اب اسے کم کر دیا گیا ہے. گھر سے ہسپتال جانے کے لیے ایک گھنٹے کی اجازت دی جاتی ہے.
ہسپتال سے نکلتے وقت رپورٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا تاکہ اسے کرفیو کے دوران اہلکاروں کو دکھایا جاسکے جس میں اس بات کی وضاحت موجود ہوتی ہے کہ مذکورہ شخص علاج کی غرض سے کتنی دیر سینٹرمیں رہا.

شیئر: