Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سکولوں نے دو ماہ کے لیے فیسوں میں کمی کردی

مئی اور جون کی فیسوں میں رعایت کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں پاکستانی سکولوں نے کورونا وائرس کے باعث والدین کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیونٹی کی سہولت کے لیے فیسوں میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جدہ میں پا کستان انٹرنیشنل سکول ( العزیزیہ) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سکول منیجمنٹ کونسل ( ایس ایم سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ’ سال رواں مئی اور جون کے دوران تمام طلبہ و طالبات کی فیسوں میں 35 فیصد رعایت دی جائے گی تاکہ ان تمام والدین کو سہولت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جائے جو کورونا وائرس کے باعث شدید مالی بحران سے دوچار ہیں‘۔
بیان کے مطابق’ جن والدین کے ذمے فروری 2020 تک تین ہزار ریال یا اس سے زائد یا تین ماہ سے زائد کے واجبات ہیں وہ اسےادا کرکے سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘۔

سکول منیجمنٹ کونسل ( ایس ایم سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے(فوٹو سوشل میڈیا)

’جو والدین پہلے سے رعایت یافتہ فیس ادا کر رہے ہیں یا جن کی فیس کمپنی کے ذمے ہے انہیں یہ استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔‘
طائف میں پاکستان انٹرنیشنل سکول نے بھی رواں سال مئی اور جون کی فیسوں میں رعایت کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان انٹرننیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض کی جانب سے والدین کو بھیجے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کورونا بحران کے باعث کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں۔
’والدین مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ان کی مالی مشکلات کا بوجھ کم کرنے کے لیے سکول منیجمنٹ کونسل نے رواں سال مئی اور جون کی فیسوں میں پچاس فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت نرسری سے اے لیول تک تمام کلاسوں کے لیے ہے‘۔

والدین کورونا وائرس کے باعث شدید مالی بحران سے دوچار ہیں.(فوٹو سوشل میڈیا)

’ ایسے والدین جو پورے سال کی فیس یکمشت ادا کرچکے ہیں آئندہ تعلیمی سیشن میں دی گئی رعایت ایٹجسٹ کر لی جائے گی۔ جن والدین کے بچے اس سال پاس آؤٹ ہو رہے ہیں انہیں فائنل کلئیرنس کے وقت دی گئی رعایت واپس کی جائے گی‘۔
جدہ مں پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن کی سکول منیجنٹ کونسل کے چیئرمین کی جانب سے والدین کو بھیجے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا بحران سے مالی مشکلات سے دوچار والدین کو رواں سال مئی اور جون کی ٹیوشن فیس میں 25 سے100فیصد رعایت کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
’ٹیوشن فیس میں رعایت کا فیصلہ انفرادی طور پر کیس کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا‘۔

شیئر: