Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرفیو پاس فروخت کرنےوالا سعودی گرفتار

قبل ازیں کرفیو پاس فروخت کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیاگیا تھا(فوٹو، سوشل میڈیا)
ریجنل پولیس ترجمان میجرمحمد الغامدی نے کہا ہے کہ جعلی کرفیو پاس فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم سعودی ہے جس سے تحقیقات جاری ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے مکہ ریجن کے پولیس ترجمان کے حوالے سے مزید کہاہے کہ ملزم انٹرسٹی کرفیو پاس بھاری قیمت میں فروخت کرتاتھا۔

ملزم سے تحقیقات جاری ہیں (فوٹو، ایس پی اے )

پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کر کے اس سے مزید تفتیش کررہی ہے۔ گرفتار ملزم کی عمر 40 برس کے قریب ہے اس سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل بھی ریاض میں ایک گروہ کو ڈرامائی انداز میں خفیہ پولیس کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا جو 3 ہزار ریال کے حساب سے فی پاس فروخت کیاکرتا تھا۔
مذکورہ گروہ کے قبضے سے 31 جعلی پاس برآمد ہوئے تھے جو مختلف ناموں سے تیار کیے گئے تھے۔ گروہ کی گرفتاری کےلیے خفیہ پولیس کے اہلکاروں نے خود کو خریدار ظاہر کرکے گروہ کے کارندے سے رابطہ کیا اور اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا۔
کارندے کی گرفتاری کے بعد پورے گروہ کی نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کیا گیا۔ جعلی کرفیو پاس کے پہلے واقعے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت کی سطح پر یکساں کرفیو پاس متعارف کروائے تھے تاکہ جعل سازی کا امکان نہ رہے۔

کورونا وائرس سے حفاظت کےلیے مملکت میں کرفیو نافذ کیاگیا(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے حفاظت کی خاطر احتیاطی تدابیر کے طور پر پورے ملک میں کرفیو نافذکیا گیا تھا اس دوران اہم شعبوں سے متعلق افراد کو خصوصی کرفیو پاس جاری کیے جاتے تھے۔

شیئر: