Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجلس شوری: معمر افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دی جائے

شوری نے مطالبہ کیا ہے کہ فرسان جزیرے میں بھی ایئر پورٹقائم کیاجائے (فوٹو،ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے فضائی نقل و حمل پر مقرر ٹیکسوں اور فیسوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
شوری کی جانب سے معمر اور معذور افراد کو فضائی ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مجلس شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ شہری ہوابازی کی سرگرمیوں اور اداروں کی نجکاری کے لیے جامع حکمت عملی اور نظام الاوقات ترتیب دے اور اس حوالے سے اپنی ترجیحات متعین کرے۔

طائف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو وسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

مجلس شوری نے توجہ دلائی کہ یہ تبدیلیاں سعودی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو وژن 2030 کے مطابق ترغیبات دینے کے لیے اشد ضروری ہیں۔
مجلس شوری نے محکمہ شہری ہوابازی کو ہدایت کی کہ وہ طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع اور اسے جدید خطوط پر جلد از جلد استوار کرائے تاکہ حج، عمرہ اور سیاحت کے مواقع میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رش کو کم کیا جاسکے۔
شوریٰ نے محکمہ شہری ہوابازی سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لوکل، ریجنل اور انٹرنیشنل ہوائی اڈوں کے امیگریشن ہالز میں ’نماز پڑھنے کی جگہ‘ مختص کرے۔
مجلس شوری نے جازان ریجن کے جزیرے فرسان میں بھی ایئرپورٹ قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔

مختلف علاقوں سے مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائیں۔ (فوٹو، ایس پی اے)

مجلس شوری نے محکمہ شہری ہوابازی سے یہ بھی کہا ہے کہ  سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو سفری سہو لتیں فراہم کرنے کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائیں۔
دوسری جانب مجلس شوری نے  معمر افراد اور معذوروں کو اندرون و بیرون ملک سفر میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق اس سے قبل ہیومن رائٹس کمیشن نے مطالبہ کیا تھاکہ سعودی عرب میں بزرگوں کے حقوق کا قانون جلد از جلد منظور کیا جائے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کمیشن نے یہ مطالبہ 9 مارچ  2020 کو کیا تھا۔
کمیشن نے اس حوالے سے کہا تھا کہ فی الوقت مملکت میں اولڈ ہوم کا ماحول  موزوں نہیں۔ نئے اولڈ ہوم ایسے بنائے جائیں جہاں بزرگوں کو اہل خانہ کے ساتھ رہن سہن کی فضا میسر ہوسکے۔

شیئر: