Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین الاقوامی پروازیں پیر سے بحال کیے جانے کی تردید

  سوشل میڈیا پر پروازوں کی بحالی کی اطلاع گردش کررہی تھی (فوٹو ایس پی اے)
ریاض ایئر پورٹ کی انتظامیہ نے 8 جون سے بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی اطلاعات کی تردید کر دی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ’ریاض ایئرپورٹس کمپنی‘ نے بیان میں کہا کہ 'سوشل میڈیا پر یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوگیا ہے اور 8 جون سے ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ’سوشل میڈیا پر کیے جانے والا یہ دعوی بھی سرا سر غلط ہے کہ محکمہ شہری ہوابازی نے ریاض ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کی اجازت دی ہے۔‘
ریاض ایئرپورٹس کمپنی نے نشاندہی کی ہے کہ ’سوشل میڈیا پر محکمہ شہری ہوابازی کے جس خط کو بنیاد بنا کر بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا دعوی کیا جارہا ہے وہ مقامی شہریوں کو بیرون ملک سے ریاض لانے اور وطن واپسی کے خواہشمند غیرملکیوں کو اپنے وطن پہنچانے والی پروازوں سے متعلق ہے‘۔
سعودی حکومت کورونا وبا شروع ہونے کے بعد ہی سے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے سعودی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے سعودی عریبین ایئرلائنز کی پروازیں چلا رہی ہے۔

 سعودی شہریوں کی واپسی کے لیے  پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب میں پھنسے ہوئے غیرملکی سیاحوں، خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزا ہولڈرز غیرملکیوں اور وطن واپسی کے خواہشمند تارکین کو مشروط طریقے سے ان کے وطن لے جانے کے لیے بھی پروازیں شروع کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے 15 مارچ کو پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا بعدازاں وزارت داخلہ نے بین الاقوامی اور داخلی پروازوں کی معطلی میں تااطلاع ثانی مزید توسیع کی تھی۔

شیئر: