Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلمی اتھارٹی کے سربراہ کون ہیں؟

یہ ادارہ مملکت میں فلمی صنعت کو فروغ دے گا۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے انجینیئر عبداللہ القحطانی کو سعودی فلم اتھارٹی کا ایگزیکٹیو چیئرمین مقرر  کیا ہے۔
وزیر ثقافت نے حال ہی میں گیارہ نئے ثقافتی ادارے قائم  کیے تھے ان میں فلم اتھارٹی شامل ہے۔ یہ ادارہ مملکت میں فلمی صنعت کو فروغ دے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انجینیئر عبداللہ القحطانی سعودی فلمی صنعت کے بڑے ناموں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے ہدایت کار، فلم ساز اور متعدد منفرد فلموں کے مکالمہ نگار کی حیثیت سے کام کیا ہے۔
القحطانی کئی ملکی اور علاقائی فلمی میلوں میں کمیٹیوں اور ججز پینل کی سربراہی کرچکے ہیں جبکہ الریاض، الوطن اور الشرق الاوسط جیسے سعودی عرب کے نمایاں اخبارات میں فلموں پر ناقدانہ مضامین بھی شائع کرچکے ہیں۔
القحطانی نے 2001 میں کنگ فہد پٹرولیم اینڈ منرلز یونیورسٹی سے مکینیکل انجینیئرنگ کی فیکلٹی سے گریجویشن کیا تھا۔ وہ ایکسپو 2020 میں سعودی پویلین ٹیم کی قیادت کرچکے  ہیں۔
القحطانی نے تین برس تک کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سینٹر(اثرا) میں متعدد پروگراموں کی سرپرستی کی۔ وہ سعودی آرامکو میں کئی کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے  ہیں۔

اتھارٹی فلمی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔(فوٹو سوشل میڈیا)

سعودی فلم اتھارٹی مملکت میں مختلف حوالوں سے فلمی صنعت کو منظم کرے گی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ فلموں کی جامع حکمت عملی ترتیب دے گی۔ اعلی معیار کی سعودی فلمیں تیار کرنے والا ماحول بنائے گی۔
سعودی فن کاروں کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دے گی۔ فلمسازوں اور اداکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اپنا کردارادا کرے گی۔ فلموں کے کاپی رائٹ کے تحفظ کے لیے قوانین بھی بنوائے گی۔

شیئر: