Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہزاروں افراد کورونا کا شکار کیوں ہو رہے ہیں؟

مصروف ترین مقامات پر جانے اور اجتماعات میں شرکت سے کورونا پھیلا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ہزاروں ایسے کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں جو مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کا نتیجہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق مصروف ترین مقامات پر جانے، اجتماعات میں شرکت کرنے اور تقریبات میں حصہ لینے کی وجہ سے ہزاروں لوگ کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے توجہ دلائی کہ خود سمیت اپنے پیاروں اور سارے معاشرے کی صحت و سلامتی کے لیے سب لوگ حفاظتی ماسک استعمال کریں، دو میٹر کا فاصلہ قائم رکھیں، بار بار صابن سے ہاتھ دھوتے رہیں۔

کورونا کی وبا نے دنیا بھر کی ترجیحات تبدیل کردیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

خاندانی تقریبات، دوست احباب کی محفلوں اور مصروف مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ یہ نہ بھولیں کہ کورونا وائرس کا خطرہ ابھی نہیں ٹلا- احتیاط کے بل پر ہی اس کے خطرات سے بچا جاسکتا ہے۔ کوئی بھی شخص وہ بچہ ہو یا نوجوان اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ وہ کورونا کی گرفت سے دور ہے۔
دریں اثنا سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا نے دنیا بھر کی ترجیحات تبدیل کردیں۔
 انہوں نے کہا کہ تمام شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ان تمام قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں جو صحت حکام نے مقرر کررکھے ہیں۔ تعلیمی اداروں کا ماحول بھی اسی تناظر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ آنے والے ایام میں اس حوالے سے مزید تبدیلیاں آئیں گی۔

شیئر: