سعودی عرب کا صحرائی علاقہ بارش کے بعد قدرتی جھیل میں تبدیل
سعودی عرب کے قصیم ریجن کے مشرقی علاقے میں واقع النبقیہ قصبے کے قریب صحرائی علاقے کا وسیع رقبہ بارش کے بعد قدرتی جھیل میں تبدیل ہو گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الروضہ مھنا کا مقام ان دنوں خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ قدرتی جھیل سے کے مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

الروضہ مھنا میں قدرتی جھیل کئی کلومیٹر تک پھیل چکی ہے جو صحرائی ریت کے درمیان ایک خوبصورت علاقے کا منظر پیش کر رہی ہے۔
برساتی پانی اور سرخ ریت کے امتزاج سے ایسے خوبصورت نظارے ابھر رہے ہیں جنہیں دیکھنے اور تصاویر بنانے کے لیے لوگ دور دور سے پہنچ رہے ہیں۔
الروضہ مھنا کا علاقہ سیزنل تفریحی مقام میں شمار ہوتا ہے جہاں متعدد وادیاں موجود ہیں جن میں سرفہرست وادی المستوی ہے۔ یہاں برساتی پانی کے جمع ہونے سے قصیم کا صحرائی حسن نکھر جاتا ہے۔

علاقے کے لوگوں کو کہنا ہے وہ ان مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کی غرض سے یہاں آتے ہیں۔ خوبصورت موسم اور نظاروں کا لطف اٹھاتے ہیں۔
قصیم ریجن میں الروضہ مھنا کا علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے یہاں کے فطری نظارے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
