کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول میں خواتین کے لیے خصوصی راؤنڈز
کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول 2025 کا آغاز ریاض کے شمال میں واقع سعودی فالکنز کلب میں جمعرات 25 دسمبر سے ہو رہا ہے جو اگلے برس 12 جنوری تک جاری رہے گا۔
اس سال کے فیسٹیول میں مقابلوں کے 139 راؤنڈز ہوں گے جن میں 1012 انعامات رکھے گئے ہیں جن کی مالیت 38 ملین سعودی ریال سے بھی زیادہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ایونٹ شرکت کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول میں سے ایک ہے۔
ان مقابلوں کی دو بڑی کیٹیگریاں ہوں گی۔ ایک کیٹیگری میں ملواح ریس ہے جو 400 میٹر تک کی ہوتی ہے جبکہ دوسری کیٹیگری کو المزاین کہتے ہیں جس کا ایک اور نام ’مقابلۂ حُسن‘ بھی ہے۔ اس مقابلے میں کئی گروپ شرکت کرتے ہیں جن میں مقامی اور بین الاقوامی فاکلنرز شامل ہوتے ہیں۔

ان مقابلوں کے فاتحین کو نقد انعامات اور کنگ عبدالعزیز کپ اور شاہی تلوار اور نیزہ دیا جائے گا۔
یہ ایونٹ اپنی عالمی سطح پر دن بہ دن تقویت حاصل کر رہا ہے۔ بازوں کی سب سے زیادہ تعداد میں شرکت کے لحاظ سے یہ ایونٹ، پہلے ہی تین گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کر چکا ہے۔
رواں برس کے فیسٹیول میں بچوں، نوجوانوں، سکولوں اور خواتین کے لیے خصوصی راؤنڈز کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد پائیدار فالکنری اور کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔

فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک فیسٹیول کے مختلف ایونٹس کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ ان ایونٹس میں بازوں کی نمائش اور تعلیمی پروگرام دونوں شامل ہیں۔
مستقبل کے فالکنرز، خواتین اور سکولوں کے لیے تین راؤنڈز ہیں جن میں ایک لاکھ 50 ہزار ریال اور مقامی پیشہ ورفالکنرز کے لیے 16.3 ملین ریال ہوں گے۔
اس سال فیسٹیول میں 5 لاکھ 50 ہزار ریال کے انعامات نووا فالکن ریس اور 3 لاکھ 37 ہزار ریال منگولین فالکن ریس کے لیے مخصوص ہوں گے۔
