Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سے پندرہویں خصوصی پرواز، پاکستانیوں کی واپسی

قونصل جنرل مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے جدہ ائیر پورٹ پر موجود تھے۔(فوٹو اردونیوز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز پی کے 786 جدہ  سے  250 مسافروں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو دوخصوصی پروازوں  کے ذریعے 280 پاکستانی ملتان روانہ ہوئے تھے۔
قونصل جنرل خالد مجید اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ماجد میمن مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے جدہ ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
کورونا کے پھیلنے کی وجہ سے معمول کی بین الاقوامی پرواز یں کے معطل ہونے کے بعد  یہ جدہ سے پاکستان جانے والی پی آئی اے کی پندرھویں خصوصی پرواز تھی۔

جمعرات کو دوخصوصی پروازوں  کے ذریعے 280 پاکستانی ملتان روانہ ہوئے تھے۔(فوٹو اردونیوز)

مئی 2020 سے اب تک مجموعی طور پر 3000 پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ سے وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔ 
ریاض سے چودہ  خصوصی پروازوں کے ذریعے دو ہزار 494 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ دمام سے بھی خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مئی سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں اور ان کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: