Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض، جدہ اور دمام سے 817 پاکستانی روانہ

جدہ سے خصوصی پرواز 252 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچی تھی (فوٹو: اردونیوز)
  سعودی عرب سے  پیر کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) کی  پانچ خصوصی پروازوں کے ذریعے 817  پاکستانیوں کی واپسی ہوئی ہے۔
جدہ سے  پی آئی اے کی  پرواز پی کے 8736 سے 142 جبکہ دوسری پرواز پی کے 8742 سے 145 پاکستانی پشاور کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
اتوار کو جدہ سے خصوصی پرواز پی کے 252 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچی تھی۔
 قونصل جنرل  کی طرف سے پریس قونصل ارشد منیر، قونصل کمرشل وحید شاہ  اور قونصل ویلفیئر ماجد میمن مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے جدہ ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ریاض سے اتوار کو پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز 250 مسافروں کو لے کر لاہور جبکہ دوسری پرواز 140 مسافروں کو لے کر ملتان روانہ ہوئی تھی۔
دمام سے بھی ایک پرواز 140 پاکستانیوں کو لے کر ملتان گئی ہے۔
ریاض ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر راجا اعجاز اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب سے واپس آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
 اب تک جدہ سے گیارہ  پروازوں کے ذریعے  دو ہزار 200 جبکہ ریاض سے بھی گیارہ  پروازوں کے ذریعے دو ہزار 114 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ دمام سے بھی خصوصی پروازیں چلائی گئی ہیں۔


مئی سے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے (فوٹو: اردونیوز)

 یاد رہے کہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
سعودی عرب میں سفری پابندیوں کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مئی سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی یہں اور ان کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا ان کا خروج نہائی لگا تھا اور وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: