حج 2027: پاکستان اور سعودی عرب نے معاہدے پر دستخط کر دیے
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور دیگر حکام بھی موجود تھے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر حج ڈاکٹرتوفیق العربیہ اور پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پیر کو جدہ میں حج معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری سیدعبد الوحید شاہ اور قائم مقام ڈی جی حج عارف اسلم راؤ بھی موجود تھے۔
معاہدے کا مقصد پاکستانی عازمین حج کے سفر کو آسان بنانا، دستیاب سہولتوں کو بہتر بنانا اور تمام انتظامات اور خدمات کے معاہدوں کو پیشگی حتمی شکل دینا ہے تاکہ سعودی عرب آمد سے وطن واپسی تک حج کا سفر آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے۔
یاد رہے سردار یوسف جدہ سپر ڈوم میں ہونے والے چار روزہ حج کانفرنس و نمائش پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
پاکستانی وزیر مذہبی امور نے سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ساتھ حج امور کے دفاتر کے سربراہان کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں آئندہ حج سیزن کے انتظامات پر تبادلہ خیال اور سعودی حکام کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
