Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

15 دن سے لاپتہ نوجوان کی لاش وادی میں مل گئی

درخت کی ٹہنی پر سفید کپڑا نوجوان کی لاش کے قریب بندھا ہوا تھا۔ ( فوٹو: سبق)
عسیر ریجن کے محائل شہر کا رہنے والا 29 سالہ نوجوان عامر بن علی آل مشیط کی لاش وادی رجم میں مل گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رضا کار نوجوانوں کی ٹیم نے کہا ہے کہ اسے عسیر ریجن پولیس کی طرف سے اطلاع ملی کہ رجم پہاڑی علاقہ میں ایک نوجوان کو تلاش کرنا ہے جو 15 دن سے لاپتہ ہے۔

’پہاڑی علاقے میں 12 کلو میٹر پیدل سفر کرنے کے بعد بھی لاپتہ شہری کا سراغ نہیں ملا۔‘ ( فوٹو: سبق)

رضاکاروں کی ٹیم نے کہا ہے کہ اطلاع ملنے پر رضا کار جمعہ کو فجر کے بعد جمع ہوگئے اور علاقے کے مختلف حصوں میں تلاش کرنے کے لیے ٹیمیں مقرر کی گئیں۔
رضا کاروں نے پہاڑی علاقے میں 12 کلو میٹر پیدل چل کر تلاش کیا تو وہاں لاپتہ شخص کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
’بعد ازاں وادی میں اترنے کا فیصلہ ہوا، چند کلو میٹر اترنے کے بعد ایک درخت کی ٹہنی پر سفید کپڑا بندھا ہوا ملا‘

پولیس نے کہا ہے کہ ابتدائی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان کی موت طبعی ہوئی ہے۔ ( فوٹو: سبق)

’ٹیم کے افراد کو شک ہوا کہ یہ سفید کپڑا لاپتہ شخص نے نشانی کے طور پر بھی یہاں باندھا ہوگا، اس سے آگے 300 میٹر ہی تلاشی لی گئی تو وہاں نوجوان کی لاش مل گئی۔‘
رضاکاروں کی ٹیم نے کہا ہے کہ ’دوپہر 12 بجکر 30 منٹ پر لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش مل گئی تو اس پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے آکر لاش وصول کی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کی۔‘
عسیر ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’ابتدائی جائزے سے اندازہ ہوتا ہے کہ نوجوان کی موت طبعی ہوئی ہے۔‘
 

شیئر: