Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد سمیت 20 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا امکان

لاہور کے مختلف علاقوں کو بھی سیل کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے کورونا کے حوالے سے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے 20 بڑے شہروں میں کورونا ہاٹ سپاٹس کی شناخت کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ متاثرہ شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کا باعث بننے والے علاقوں کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا کو پھیلنے سے روکا جائے گا۔ 
سینٹر کے مطابق جن 20 شہرون میں کورونا کے ہاٹ سپاٹس پائے گئے ہیں ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب کے شہر راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور ڈیرہ غازی خان کو بھی ہاٹ سپاٹ قرار دیا گیا ہے۔ 
سندھ کے شہروں میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، گھوٹکی، سکھ اور لاڑکانہ کورونا کے ہاٹ سپاٹ ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں پشاور کے علاوہ مالاکنڈ، مردان اور سوات کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ 
اس کے علاوہ اسلام آباد کے علاقوں سیکٹر آئی 8، آئی 10، جی 6 اور 7، بھارہ کہو اور غوری ٹاون میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔ 
قبل ازیں پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے متعدد علاقوں بشمول شاہدرہ، والٹ سٹی، شاد باغ، ہربنس پورہ، نشتر پارک، علامہ اقبال ٹاؤن اور کینٹ کے کچھ علاقوں کو سیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
ان کے مطابق 'ان علاقوں کی بندش کا دورانیہ دو ہفتے ہو گا تاہم اگر حالات میں بہتری نظر آتی ہے تو انہیں پہلے بھی کھولا جا سکتا ہے۔'

اسد عمر کے بقول پاکستان میں جولائی کے آخر تک کورونا کیسز 10 لاکھ ہو سکتے ہیں (فوٹو: روئٹرز)

لاہور میں سیلیکٹو لاک ڈاؤن کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران کیا گیا تھا۔ 
یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے انچارج وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرین کے مطابق جولائی کے آخر تک کورونا کیسز میں 8 سے 10 گنا تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جون کے آخر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ 'موجودہ صورت حال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک تعداد 10 لاکھ سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ حکومت شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔'
یاد رہے کہ پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 ہوگئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے  افراد کی تعداد دو ہزار 729  ہوگئی ہے۔
پاکستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد میں سے اب تک  53 ہزار 721 صحت یاب ہوئے ہیں۔

صوبہ پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس وقت پنجاب میں اس وبا سے  54 ہزار 138 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
صوبہ سندھ  میں متاثرین کی تعداد 53 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 13 اور بلوچستان میں آٹھ ہزار 177 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹھ ہزار 569،  گلگت بلتستان میں  ایک ہزار 129  اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مریضوں کی تعداد 647  ہیں۔

شیئر: