Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا: سڑکیں کرکٹرز کے نام سے منسوب

گلیوں کے نام کرکٹ سٹارز سے منسوب کرنے پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے خریداروں میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
آسٹریلیا کے معروف شہر میلبورن کی سڑکوں کے نام پاکستانی کرکٹرز کے نام پر رکھ دیے گئے ہیں۔ 
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر جیفری شا نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ 'آسٹریلیا کی سڑکیں پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑیوں عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، انضمام الحق اور شعیب اختر کے نام سے منسوب دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ یہ پاکستان اور آسٹریلیا کے دوستانہ تعلقات اور کھیل کے ذریعے جڑے رہنے کی طاقت کی نشانی ہے۔'

میلٹن سٹی کے مضافاتی علاقے راک بینک میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹی کے پراپرٹی ڈویلپر ورون شرما کا کہنا ہے کہ 'جب سے ہم نے ہاﺅسنگ سوسائٹی کی گلیوں کے نام کرکٹرز کے ناموں پر رکھے ہیں، خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔' 
ہاؤسنگ سوسائٹی کی کچھ سڑکیں انڈین کھلاڑیوں کے ناموں سے بھی منسوب ہیں جن میں سچن تندولکر، کپل دیو اور ویراٹ کوہلی شامل ہیں۔
شرما کہتے ہیں کہ 'کون کوہلی کریسنٹ' میں رہنا نہیں پسند کرے گا؟ آپ کو کیا معلوم کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی جب اس سال میلبورن کا دورہ کریں تو شاید اس گلی سے بھی گزریں۔'

ہاﺅسنگ سوسائٹی کی گلیوں کے نام کرکٹرز کے ناموں پر رکھنے سے خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا (فوٹو: سوشل میڈیا)

میلٹن شہر کے میئر کرلارا کارلی کا کہنا ہے کہ 'ہمارے شہر میں سڑکوں کے نام عام طور پر ڈویلپرز تجویز کرتے ہیں، جن کی کونسل منظوری دیتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہمیں خوشی ہے کہ ان ناموں کا اچھا ریسپانس دیکھنے کو ملا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ڈویلپرز اور اس کے رہائشیوں کے لیے بھی یہ قابل فخر ہوگا۔'
میلبورن میں ریسی وینچرز کے نام سے سٹیٹ ڈویلپر کے ڈائریکٹر خرم سعید نے بتایا کہ 'ہمیں کمار سنگاکارا، راہل ڈریوڈ، ایم ایس دھونی اور کچھ دوسرے کھلاڑیوں کے نام کونسل کو بھیجے تھے مگر وہ کونسل نے کسی وجہ سے مسترد کر دیے۔'

شیئر: