Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئمہ بیگ یا حدیقہ کیانی، بہتر گلوکارہ کون؟

اداکارہ اشنا شاہ اور گلوکارہ حدیقہ کیانی کے درمیان سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی (فوٹو: انسٹاگرام)
اداکارہ اشنا شاہ اور گلوکارہ حدیقہ کیانی کے درمیان خواتین گلوکاروں کی وجہ سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
بحث کا آغاز تب ہوا جب گلوکار ساحر علی بگا نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر جیو پر نشر کیے جانے والے ڈرامے کا گانا شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈرامہ سیریل بندھے ایک ڈور سے‘ کا گانا جو میں نے اور حدیقہ خان نے گایا ہے، اُمید ہے آپ سب کو پسند آئے گا۔‘
اس پوسٹ کے جواب میں اداکارہ اشنا شاہ نے لکھا کہ 'ڈرامے میں میرے ویژولز کو برباد کر دیا ہے، یہ گانا آئمہ بیگ کو گانا چاہیے تھا؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے اشنا شاہ نے لکھا کہ ’موسیقی کے شعبے میں صرف آئمہ بیگ اور قرۃ العین بلوچ ہی بہترین خواتین گلوکارہ ہیں۔ ان کی آوازیں بہترین ہیں۔‘

اداکارہ کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا پر تبصرے شروع ہو گئے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اشنا شاہ ملک کی معروف گلوکاروں کو کیسے بھول سکتی ہیں؟
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر اشنا شاہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا ‘شعبہ موسیقی میں خواتین کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو چاہیے کہ دوسری خواتین کو سپورٹ کریں۔‘
یہ لکھنے کے ساتھ گلوکارہ نے خواتین سنگرز کی ایک فہرست بھی جاری کی جس میں 40 خواتین گلوکاروں کے نام لکھے جن میں عابدہ پروین، مومنہ مستحسن، فریدہ خانم، زوئی وکاجی اور کومل رضوی شامل ہیں۔

حدیقہ کیانی کی انسٹاگرام پوسٹ پر صارفین نے ان کے گانے کو نہ صرف پسند کیا بلکہ کئی صارفین ان کے پرانے گانے بھی یاد کرتے نظر آئے۔ کرن نے لکھا کہ ’میں حدیقہ کیانی کا گایا ہوا یہ گانا کئی بار سن سکتی ہوں مگر شاہد اشنا شاہ کی اداکاری بار بار نہ دیکھنا چاہوں۔‘

عرینہ خان نے لکھا کہ ’اشنا شاہ کی اپنی اداکاری زیرو ہے وہ کیسے دوسروں کے کام پر تنقید کر سکتی ہیں۔‘

انسٹا اکاؤنٹ مونسٹر بے بی نے لکھا کہ ’میں آج بھی آپ کے گانے  بوہے باریاں کی تعریف کرتی ہوں اور اکثر یہ گانا سنتی بھی ہوں۔‘

حدیقہ کیانی کے جواب کے بعد اداکارہ اشنا شاہ نے گلوکارہ سے معذرت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کر دی۔ اس پوسٹ میں اداکارہ نے انسٹاگرام سٹوری کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'پلیز سب آمین کہیں‘ سکرین شاٹ میں لکھا ہوا تھا کہ حدیقہ معذرت!'
 

شیئر: