Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک کا مرحلہ وار سفری پابندی اٹھانے کا فیصلہ

 تمام عرب ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا عزم ظاہر کیا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کی زیر صدارت عرب وزرائے سیاحت کے اجلاس میں مرحلہ وار سفری پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 عرب وزرائے سیاحت کے ویڈیو اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے تمام عرب ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور نئے کورونا وائرس کے منفی اثرات سے محدود کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب  وزرائے سیاحت کے اجلاس کی صدارت سعودی وزیر احمد الخطیب نے کی۔ اجلاس کا ایجنڈا کورونا وائرس کی وبا سے سیاحت پر پڑنے والے اثرات اور ان سے نمٹنے کے طور طریقوں پر مشتمل تھا۔
عرب وزرائے سیاحت نے متعدد قراردادیں اور سفارشات منظور کیں جس میں کہا گیا ہے کہ سیر و سیاحت کے شعبے کے کارکنان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سیاحت کے حوالے سے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

سفارشات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاحوں میں سیر و سیاحت کے حوالے سے اعتماد بحال کرنے والے اقدامات کیے جائیں گے۔ عرب ممالک کے درمیان داخلی سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ وبا ختم ہونے پر غیرملکی سیاحوں کے لیے ترغیباتی پروگرام جاری کیے جائیں گے۔
 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحت کا شعبہ نجی اور سرکاری اداروں کے تعاون سے سیاحت کو پہنچنے والے نقصانات محدود کرنے کی کوشش کرے گا۔
 بیان کے مطابق سیاحتی ملازمین کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے گا۔ سیاحتی ملازمین کی استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ تربیتی پروگراموں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال  بڑھایا جائے گا۔ زیادہ متاثرہ شعبوں خصوصا فضائی کمپنیوں اور سیاحتی کمپنیوں میں نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔

شیئر: