Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصافحہ کرنے سے 24 افراد کورونا میں مبتلا

بعض لوگ سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کررہے ہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ خاندانی تقریب میں مصافحہ کرنے اور سماجی فاصلے کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے 24 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک ہے اور انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ بار بار کی تاکید کے باوجود بعض لوگ سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کررہے ہیں اور مصافحے کی پابندی توڑ رہے ہیں۔ اس سے کورونا وائرس کو پھیلنے میں مدد مل رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے توجہ دلائی کہ کورونا کے نئے 24 شکار صرف مصافحے کی پابندی نہ کرنے اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے ہوئے۔

تمام شہری اور مقیم غیرملکی سماجی تقریبات ملتوی کردیں(فوٹو سبق)

وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اول تو سماجی تقریبات حتی الامکان ملتوی کردیں۔ اگر خدانخواستہ کوئی سماجی تقریب ناگزیر ہو تو ایسی صورت میں حفاظتی ماسک اور دستانوں کی پابندی کریں۔ مصافحہ ہرگز نہ کریں۔ ڈیڑھ تا دو میٹر کے فاصلے سے ملاقات کریں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں کورونا وائرس لگنے کا قوی امکان ہے۔
ترجمان نےمزید کہا کہ کبھی کبھار کسی ایک انسان کی لاپروائی اور کبھی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دسیوں افراد کو مہلک وائرس کا درد جھیلنا پڑتا ہے۔اگر کبھی متاثرہ شخص کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے تو ایسی صورت میں وائرس سے ہلاکت کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔

شیئر: