Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھا کا رمضان بازار تجارتی سرگرمیوں کا ’اہم ستون‘

سعودی عرب کے ابھا شہر کے رمضان بازار میں اس سال نمایاں معاشی ترقی دیکھنے میں آرہی ہے۔ یہاں کے مقبول روایتی پکوان خریداری میں زیادہ مقبول ہیں اور علاقے میں سیزن کی تجارتی سرگرمیوں کا اہم ستون سمجھے جاتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ابھا شہر کے علاقے المشھد کے کھلے میدان میں رمضان بازار قائم کیا گیا ہے جس میں مارکیٹ کے 210 لائسنس یافتہ وینڈرز کے علاوہ 87 سیلز آؤٹ لیٹس اور 60 دکانیں موجود ہیں۔
بازار کی انتظامیہ کے مطابق یومیہ بنیاد پر وزیٹرز کی تعداد 4500 کے قریب ہے جس میں عصر کے بعد سے مغرب کی اذان سے کچھ دیر قبل تک اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔
رمضان بازان میں علاقے کی معروف ڈش ’الحنیذ‘ کے خصوصی سٹال موجود ہیں، جہاں غیرمعمولی رش دیکھنے کو ملتا ہے جبکہ العریکہ، المرسہ اور الحلبہ پکوانوں کی طلب بھی زیادہ ہوتی ہے۔
علاقے میں یہ مارکیٹ ’سموسہ بازار‘ کے نام سے بھی مشہور ہے کیونکہ یہاں رمضان میں مختلف اقسام کے سموسے تیار اور فروخت کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ علاقے کی مخصوص روٹی جسے ’خبز التنور‘ کہا جاتا ہے، بھی یہاں دستیاب ہے۔
عسیر ریجن کے علاقائی پکوان اب محض رمضان کی روایت نہیں رہے بلکہ یہ چھوٹے کاروبار کی مدد کرنے اور رمضان کے دوران مقامی مارکیٹوں کی سرگرمیوں کو بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

 

شیئر: