Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے دوران مسجد نبوی سے متعلق دستاویزی فلم

زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کاوشوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔(فوٹو: ٹوئٹر حرمین انتظامیہ)
 سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کووڈ 19 (کورونا وائرس) کی وبا کے دوران مسجد نبوی سے متعلق نئی دستاویزی فلم تیار کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ فلم کا نام ’لک الحمد‘ ہے۔  نئے کورونا وائرس کی وبا کے دوران مسجد نبوی کے اہم تاریخی لمحات کو فلمایا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ اور مسجد نبوی کی تاریخ کے اس مرحلے کی تفصیلات فلم میں ناظرین جلد دیکھ سکیں گے۔
دستاویزی فلم میں کورونا وائرس کے بعد مسجد نبوی کے دروازے بند کرنے اور نمازیوں کی آمد پر پابندی جیسے حالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مسجد نبوی کے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اداروں کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس سال رمضان کے دوران مسجد نبوی کا منظر بھی ہے جہاں تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ مسجد نبوی نمازیوں اور روزہ داروں کے لیے افطار دستر خانوں سے خالی رہی۔ مسجد نبوی کے چند کارکن ہی نمازیں پڑھتے ہوئےاور افطار کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
 دستاویزی فلم  کے آخر میں مسجد نبوی کی جزوی بحالی اور پھر 73 دن کی بندش کے بعد نمازیوں کے لیے اس کے دروازے کھولے جانے کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

شیئر: