Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں آج موسم کیسا رہے گا؟

وادی الدواسر کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے(فوٹو عرب نیوز)
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں مملکت کے مختلف علاقوں میں موسم کہیں شدید گرم جبکہ ریاض سمیت بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ویب نیوز ’سبق ’ نے محمکہ موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ جمعہ 3 جولائی کومشرقی ریجن میں موسم انتہائی گرم ہوگا, گرمی کی شدت شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ محکمہ کا کہنا ہےکہ ریجن میں دوپہر کو شدید دھوپ سے بچنے کےلیے چھتری کا استعمال کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ ’سن اسٹروک ‘ کے خدشے سے بچا جاسکے۔

الجوف ، تبوک اور نجران کے علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کی توقع(فوٹو عرب نیوز)

دوسری جانب محکمہ کا کہنا ہے کہ ریاض ریجن اور وادی الدواسر کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سہہ پہر 3 بجے سے شروع ہو کر نصف شب تک جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ عیسر ، الباحہ اور جازان ریجن میں شروع ہونے والی  بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا جبکہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور شمالی حدود کے علاوہ الجوف ، تبوک اور نجران کے علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جن کا آختتام شام تک متوقع ہے۔
 
دریں اثنا ماہرموسمیات عبدالعزیز الحصینی کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز عمان اور امارات سے آنے والی تیز ہواوں کے اثرات الباحہ ریجن تک پہنچیں گے جبکہ مملکت کے مشرقی اور مغربی علاقے بھی اس کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ماہر موسمیات الحصینی نے مزید کہا ہے کہ جمعہ کے روز ریاض میں رطوبت کا تناسب 46 فیصد جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکاڈ کیا گیا جبکہ مملکت کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں سب سے کم درجہ حرارت ابھا میں رہا جہاں پارہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

شیئر: