Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجزائر کی جنگ آزادی کے ہیروز کی کھوپڑیاں فرانس سے واپس

صدر عبدالمجید تبون کی موجودگی میں اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ان باقیات کو وصول کیا گیا۔ (فوٹو: اے اپف پی)
فرانس نے جمعے کو الجزائر کی جنگ آزادی کے 24 ’ہیروز‘ کی کھوپڑیاں واپس کر دی ہیں جن کی گردنیں الجزائر پر فرانس کے قبضے کے دوران اڑا دی گئی تھیں۔
الجزائر کی تحریک مزاحمت کے ان ’ہیروز‘ کی کھوپڑیاں کئی دہائیوں سے پیرس کے ایک میوزیم میں رکھی گئی تھیں۔
ان باقیات کی واپسی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گذشتہ مہینے امریکہ میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف دنیا بھر میں ہونے والے مظاہروں کے بعد نوآبادیاتی میراث کا ازسرنو جائزہ لیا جارہا ہے۔
الجزائر کے ان باشندوں کی کھوپڑیوں کو فرانس کے نوآبادیاتی دور کے آفیسر ٹرافیاں سمجھتے تھے۔ جمعہ کو ان کھوپڑیوں کو ایک ہرکولیس سی 130 طیارے میں الجزائر منتقل کر دیا گیا۔
طیارے کو الجزائر کی فضائی حدود میں داخلے ہونے کے بعد جنگی جہازوں نے اپنے حصار میں لیا۔
الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کی موجودگی میں اکیس توپوں اور فوجی دستے کی سلامی کے ساتھ ان باقیات کو وصول کیا گیا۔
چاق و چوبند فوجی دستے نے الجزائر کے جھنڈے میں لپٹی ان باقیات کو کندھوں پر اٹھا کر لے گئے جس کے دوران ملٹری بینڈ دھنیں بجاتا رہا۔
صدر عبدالمجید تبون ہر کفن کے سامنے جھکے اور ایک مذہبی رہنما نے اس دوران ان کے لیے دعا کرائی۔
آرمی چیف سعد چنگریہہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں نو آبادیاتی دور کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ آخرکار جنگ آزادی کے ہیروز اس سرزمیں کو لوٹ آئے جہاں انہوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔‘
ان باقیات کو دارلحکومت میں واقع پیلس آف کلچر لے جایا جائے گا جہاں انہیں ہفتے کو پبلک نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
ہفتے کو ہی جو کہ الجزائر کے قیام کی 58 ویں سالگرہ کا دن ہے، ان باقیات کو دفنایا جائے گا۔

شیئر: