Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خطرناک ترین شخص‘: صدر ٹرمپ کی بھتیجی کی چچا پر کتاب

کتاب میں صدر ٹرمپ کی ذاتی زندگی کے بارے میں انکشافات کیے گئے ہیں (فوٹو اے ایف پی)
امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق انکشافات پر مبنی کتاب کی اشاعت پر عائد پابندی عارضی طور پر ختم کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست نیو یارک کی ایک عدالت نے صدر ٹرمپ سے متعلق انکشافات پر مبنی کتاب ‘ٹو مچ اینڈ نیور اینف: ہاؤ مائی فیملی کریٹڈ دی ورلڈز موسٹ ڈینجرس مین‘  کی اشاعت کی اجازت دے دی ہے۔
اس کتاب کی مصنفہ صدر ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ ہیں جو اپنے چچا کو دنیا کا خطر ناک ترین شخص قرار دے چکی ہیں۔
240 صفحات پر مبنی میری ٹرمپ کی اس کتاب کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں صدرٹرمپ کی زندگی کے ایسے واقعات پر سے پردہ اٹھایا گیا ہے جو ان کے لیے باعث شرمندگی ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست نیویارک کی ایک عدالت نے ڈونلد ٹرمپ کی بھتیجی کی اس کتاب کی اشاعت پر پابندی عائد کر دی تھی۔
صدر ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ نے عدالت سے کتاب کی اشاعت پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی۔ رابرٹ ٹرمپ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ میری ٹرمپ نے کتاب لکھ کر انکشافات نہ کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس پر انہوں نے 2001 میں دستخط کیے تھے۔
نیویارک کی عدالت کے جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ کتاب کی پبلشنگ ایجنسی ’سائمن اینڈ سشٹر‘ ایسے کسی معاہدے کا حصہ نہیں ہے لہذا انہیں اشاعت کی پابندی سے خارج کیا جاتا ہے۔

صدر ٹرمپ کے بھائی نے کتاب کی اشاعت پر پابندی کی درخواست کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

جج ایلن شینک نے فی الحال میری ٹرمپ کے معاہدے کی خلاف ورزی کے حوالے سے فیصلہ نہیں سنایا، اس معاملے پر سماعت آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
میری ٹرمپ نے کلینکل سائیکالوجسٹ ہونے کے ناطے اس کتاب میں اپنے دادا کے گھر میں پیش آنے والے وہ تمام واقعات دہرائے ہیں جو کسی طور سے بھی ایک صحت مند خاندان کی عکاسی نہیں کرتے۔
میری ٹرمپ کی اس کتاب میں صدر ٹرمپ کے خاندان کے آپس میں میل جول اور مختلف تقریبات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
ایک امریکی اخبار کے مطابق میری ٹرمپ کی اس کتاب سے یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ امریکی میڈیا میں صدر ٹرمپ کے ٹیکس نہ ادا کرنے اور دیگر مالی معاملات کی تشہیر کے پیچھے میری ٹرمپ خود تھیں۔
اس سے قبل امریکی عدالت نے ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بالٹن کی کتاب کی اشاعت روکنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کتاب میں جان بالٹن نے صدر ٹرمپ کو بدعنوان اور نااہل قرار دیا ہے۔

شیئر: