Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا سے اموات 5 ہزار سے زائد

پاکستان میں وبا ایکٹیو کیسز کی تعداد 89 ہزار 449 ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عید الاضحی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں جانور خریدنے اور قربانی کرنے کے علاؤہ عید کی نماز پڑھتے ہوئے کیا احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 ہزار 751 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مزید 75 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان میں سے 68 افراد ہسپتالوں میں جبکہ 7 ہسپتالوں سے باہر ہلاک ہوئے ہیں۔ اس طرح ملک میں وبا سے ہلاکتوں کی مجوعی تعداد 5 ہزار 58 ہو گئی ہے۔
اس وقت تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 89 ہزار 449 ہے جبکہ ایک لاکھ 49 ہزار 92 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 

جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 255 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے دستیاب 1568 وینٹی لیٹرز میں سے 420 زیر استعمال ہیں۔ گلگت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔
عید الاضحی پر کیا احتیاطی تدابیر اختیار کریں؟
حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو مویشیوں کی آن لائن خریداری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور منڈیوں میں خریداری کی صورت میں یہ بات یقینی بنائیں کہ گاہک اور دکاندار سماجی فاصلہ اختیار کر رہے ہیں اور ماسک پہنے ہوئے ہیں۔ ماسک کے بغیر کسی کو منڈی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
منڈی کے داخلی راستوں پر درجہ حرارت چیک کرنے سمیت ہینڈ سینیٹائزرز بھی موجود ہونے چاہیں اور اگر کسی شخص کو بخار یا نزلہ ہو تو اسے منڈی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
قربانی کی جگہ رہائش سے دور ہونی چاہیے، وہاں بھیڑ نہیں ہونی چاہیے اور قربانی کے بعد اس جگہ کو ڈیٹرجنٹس وغیرہ سے اچھی طرح دھونا چاہیے۔

نمازیوں کو گھر سے وضو کر کے آنے اور اپنا جائے نماز لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

مساجد میں عید کی نماز کے لیے داخلی اور خارجی راستے علیحدہ ہونے چاہیں اور تھرمل سکینرز موجود ہونے چاہیں۔ ہر نمازی کے لیے ماسک پہننا اور دو میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہے۔
اس کے علاؤہ نمازیوں کو گھر سے وضو کر کے آنے اور اپنا جائے نماز لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پاکستان کے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورحال کا جائزہ لیا تو مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ہے۔ سندھ میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 900 ہو گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کے 85 ہزار 261 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 29 ہزار 406 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 829 جبکہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 11 ہزار 99 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

ملک میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 599 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

گلگت بلتستان میں 1629 افراد کے وبا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1485 ہو گئی ہے۔

وزیر داخلہ این سی او سی کو بریفنگ دیں گے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق عیدالاضحیٰ پر جامع حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ این سی او سی کو بریفنگ دیں گے۔
مویشی منڈیوں، قربانی کے لیے سہولیات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے فورم کو بریف کیا جائے گا۔
مویشی منڈیوں کو شہروں سے باہر رکھنے، حفاظتی تدابیر خاص کر سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال اور اجتماعی قربانی سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی۔

شیئر: