Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں آج سے شدید بارشیں، کلاؤڈ برسٹنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے آج اتوار سے مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ سپیل پنجاب کے بالائی علاقوں، بالائی خیبر پختونخوا، راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں 20 سے 21 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی طوفانی بارشیں جاری ہیں، خصوصاً بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار یعنی راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں یہ بارشیں شدید تباہی کا سبب بنی ہیں، جن کے نتیجے میں اب تک 340 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ مون سون کی بارشیں ہیں جو عموماً جولائی اور اگست کے مہینے میں ہوتی ہیں اور کبھی کبھار یہ سلسلہ ستمبر کے مہینے میں بھی جاری رہتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر فارکاسٹنگ عرفان ورک نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’موجودہ سپیل 21 اگست تک جاری رہ سکتا ہے، اس کے بعد دو دن تک موسم صاف رہے گا، جبکہ اگست کے آخری ہفتے میں مون سون کی بارشوں کا ایک اور سپیل آنے کا امکان ہے۔‘
پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے آج سے 23 اگست کے دوران صوبے بھر میں فلیش، اربن اور ریورائن فلڈنگ (سیلاب) کے خدشات سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 17 سے 23 اگست تک پنجاب بھر میں شدید طوفانی بارشوں اور بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بارشوں، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں سیاحتی پابندیوں کی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

شیئر: