خیبر پختنوخوا میں سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق بلیک باکس جائے حادثہ سے تقریبا 100 میٹر کے فاصلہ پر پڑا تھا، پولیس نے بلیک باکس متعلقہ حکام کے حوالہ کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
ہیلی کاپٹر کا سامان چوری کرنے والے دو ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق مہمند میں حادثے کے بعد جاری حفاظتی اقدامات کے دوران پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جو حادثے کے ملبے سے سامان چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت یاسین ولد تسری اور باسط ولد چمن خان ساکنان دریاب کورونہ میچنی کے طور پر ہوئی۔ ملزمان ہیلی کاپٹر کا سامان موٹر سائیکل پر باندھ چوری کرنے کی کوشش میں تھے کہ موقع پر ہی پکڑ لیے گئے۔
یہ کارروائی ڈی پی او مہمند اکرام اللہ کی ہدایت پر، ڈی ایس پی مہمند ڈیم جاوید خان کی نگرانی میں اے ایس آئی جان عالم خان، مہمند ڈیم پولیس، ایلیٹ فورس اور 201 ونگ ایف سی اہلکاروں کی مشترکہ کاوش سے عمل میں آئی۔ پولیس نے تمام چوری شدہ سامان برآمد کرکے محفوظ کر لیا ہے۔
جائے حادثہ کی مسلسل حفاظت کے لیے فرنٹیئر کورکے اہلکار اور مقامی پولیس ہمہ وقت موقع پر تعینات ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
ضلعی پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔