Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب: ہسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز مستعفی

ابھی تک وجوہات نہیں بتائی گئیں جو ڈاکٹروں کے استعفے کا باعث بنیں (فائل فوٹو: اے ایف پی )
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکشین کے مطابق صوبے کے مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں سے مستعفی ہونے والے ڈاکٹروں کا استعفی منظور کر لیا گیا ہے۔
اردو نیوز کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشین پر 27 جون کی تاریخ درج ہے اور مختصر عبارت میں صرف یہ بتایا گیا ہے کہ مندرجہ ذیل ڈاکٹروں کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔
جبکہ بقیہ نوٹیفکیشین میں اس تمام ڈاکٹروں کی تفصیلات درج ہیں کہ کس کس ہسپتال سے کس نے استعفیٰ دیا ہے۔
نوٹیفکیشین کے مطابق لاہور کے میو ہسپتال میں کام کرنے والے 14 ڈاکٹرز کے استعفے منظور کیے گئے ہیں۔ لاہور ہی کے جناح ہسپتال سے سات، چلڈرن سے چھ، جنرل ہسپتال سے تین، سروسز اور لیڈی ایچی سن ہسپتال سے دو، دو جبکہ گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال سے بھی دو ڈاکٹروں کے استعفے منظور ہوئے ہیں۔
لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال، شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال اور میاں منشی ہسپتال سے ایک ایک ڈاکٹر مستعفی ہوئے۔
اسی طرح فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے دو، ڈی جی خان ہسپتال سے چار ڈاکٹروں کے استعفے منظور ہوئے ہیں۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال سے ایک ڈاکٹر کا استعفی منظور کیا گیا ہے۔ سول ہسپتال بہاولپور، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان سے دو، دو ڈاکٹروں نے استعفے دیے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کے استعفے منظور ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محکمہ صحت نے اس نوٹیفیکیشن کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک وہ وجوہات نہیں بتائی گئیں جو ان ڈاکٹروں کے استعفے کا باعث بنیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی طور پر ڈاکٹروں کی بھرتی بھی کی اور مزید بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں