Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکی ورکرز کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

ملزمان سرکاری اہلکار بن کر لوٹ مار کر رہے تھے ( فوٹو عاجل)
 سعودی عرب کےمشرقی ریجن کی گشتی فورس نے غیرملکی ورکرز کو لوٹنے والے 2 سعودی شہریوں کو دمام کے ایک محلے سے گرفتارکیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مقامی شہریوں میں سے ایک خود کو سیکیورٹی  اہلکار اور دوسرا سرکاری عہدیدار بن کر لوٹ رہا تھا۔ دونوں بہروپیے دمام کے محلے میں واردات کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ تین فوجداری مقدمات میں ملوث ہیں۔
مشرقی ریجن پولیس کا کہنا ہے کہ غیرملکی ورکرز کی شکایت پر لوٹ مار کرنے والوں تک رسائی کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ غیرملکیوں کے بتائے ہوئے حلیے کے مطابق ان کے خاکے تیار کرکے تلاش کی گئی۔ پوچھ گچھ مکمل کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔
 ادھرقصیم پولیس نے ہتھیار دکھا کر دکانیں اور گاڑیاں لوٹنے والے گروہ کو گرفتارکیا ہے۔ وارداتی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ چوری کرکے دوسری گاڑیوں پر لگا کر وارداتیں کررہے تھے۔
 کافی عرصے سے پولیس تعاقب میں تھی-  تاہم واردات کرنے والے نہایت فنکاری سے چکمہ دے کر لاپتہ ہوجاتے تھے۔

قصیم  میں ہتھیار دکھا کر دکانیں لوٹنے والے گروہ  پکڑا گیا ( فوٹو اخبا 24)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق قصیم پولیس کے ترجمان کرنل بدر السحیبانی نے بتایا کہ واردات کرنے والا گروہ تین سعودی شہریوں پرمشتمل تھا۔  تینوں کو نشاندہی کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ واردات کرنے والوں کے قبضے سے دو مسروقہ گاڑیاں، نشہ آور مشروب اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ انہیں ایف آئی آر درج کرکے مقدمے  کی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔

شیئر: