Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوم ڈیلیوری سروس والوں کو لُوٹنے والا گروہ گرفتار

ملزمان نے چوری اور لُوٹ مار کی 41 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے (فوٹو: عاجل)
ریاض پولیس نے آن لائن ایپلی کیشنز سے منسلک کارکنان کو دھوکہ دے کر ہوم ڈیلیوری کے لیے گھروں پر بلا کر لوٹنے والے غیرملکی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض ریجن کے پولیس ترجمان کرنل شاکر التویجری بتایا کہ ہوم ڈیلیوری سروس پیش کرنے والے اداروں اور ریستورانوں کی جانب سے یہ شکایات درج کرائی گئی تھیں کہ ان کے اہلکاروں کو لوٹا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس کو جو شکایات موصول ہوئی تھیں ان میں طریقہ واردات تقریباً ایک ہی جیسا تھا۔ شکایات کا جائزہ لینے کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ تمام وارداتوں کے پیچھے ایک ہی گروہ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جو جلد ہی گروہ کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ملزمان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کی عمریں 20 برس کے لگ بھگ تھیں۔ ملزمان نے چوری اور لوٹ مار کی 41 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
واردات کا طریقہ کار یہ تھا کہ یہ لوگ ہوم ڈیلیوری سروس طلب کرتے کارکن آتا تو اسے راستے میں ہی لوٹ کر فرار ہو جاتے۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ان کا کیس پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کے سپرد کردیا گیا ہے جہاں سائبر کرائم اور دیگر اداروں کی تحقیقاتی ٹیمیں ان سے پوچھ گچھ مکمل کر کے ان کا چالان عدالت میں پیش کریں گی۔

شیئر: